دو ارب ڈالر کی سرمایہ کاری، سعودی وزیر کی سربراہی میں اعلٰی سطح کا وفد پاکستان میں

image

وزیر سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز کی سربراہی میں سعودی عرب کا ایک اعلٰی سطح کا وفد تین روزہ دورے پر بدھ کو اسلام آباد پہنچ گیا۔عرب نیوز کے مطابق سعودی وفد کے دورے کے دوران دونوں ممالک کے سرمایہ کاروں کے درمیان دو ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی تجاویز (بزنس ٹو بزنس) کو حتمی شکل دیے جانے کا امکان ہے۔پاکستان کے دفترِ خارجہ نے بتایا کہ سعودی وزیرِ سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز الفالح کی سربراہی میں آنے والا اعلٰی سطح کا وفد 9 سے 11 اکتوبر تک پاکستان میں قیام کرے گا۔ 

سعودی وزیرِ سرمایہ کاری کا دورہ پاکستان ایک ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب اسلام آباد میں آئندہ ہفتے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کا اجلاس منعقد ہو رہا ہے۔وزیرِ سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز الفالح کے دورے کا مقصد سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان اقتصادی تعاون کو بڑھانا ہے۔بدھ کو پاکستان پہنچنے پر میزبان ملک کے وزیر پیٹرولیم مصدق ملک، وزیر تجارت جام کمال خان اور وزیرِ نجکاری عبدالعلیم خان سمیت دیگر اعلٰی حکام نے نُور خان ایئربیس پر مہمان وفد کا خیرمقدم کیا۔سعودی وفد کے دورے کے حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف نے منگل کو وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دو ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدے طے پانے کا امکان ہے۔‘ان کا مزید کہنا تھا کہ ’اب جبکہ سعودی وفد کے ساتھ دو ارب ڈالر سے زائد کے معاہدوں یا ایم او یوز پر دستخط کرنے والے ہیں، ان تمام کوششوں کو سبوتاژ کرنا ملک کے خلاف سب سے بڑی دشمنی ہے۔‘منگل کو اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ’سعودی وزیر بزنس ٹو بزنس سے متعلق سرمایہ کاری کے منصوبوں کو حتمی شکل دیں گے جن کی مالیت دو ارب ڈالر سے تجاوز کر سکتی ہے۔‘

دورہ پاکستان پر آنے والے سعودی وفد میں مختلف کمپنیوں اور محکموں کے نمائندے شامل بھی ہیں (فائل فوٹو: اے پی پی)

واضح رہے کہ حالیہ چند ماہ کے دوران سعودی عرب اور پاکستان دوطرفہ تجارت کے فروغ اور سرمایہ کاری کے معاہدوں پر تیزی سے کام کر رہے ہیں۔رواں برس کے آغاز میں سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے پاکستان کے لیے پانچ ارب ڈالر کے سرمایہ کاری پیکج کا اعلان بھی کیا تھا۔پاکستان طویل معاشی بحران سے نکلنے کی غرض کے لیے اپنے علاقائی اتحادیوں کے ساتھ تجارت، دفاع، توانائی اور اور دیگر شعبوں میں شراکت داری کا خواہاں ہے۔ریڈیو پاکستان کے مطابق سعودی وفد میں توانائی، کان کنی، معدنیات، زراعت، کاروبار، سیاحت، صنعت اور افرادی قوت سمیت مختلف کمپنیوں اور محکموں کے نمائندے شامل ہیں۔سعودی وفد دورے کے دوران پاکستانی کمپنیوں سے کاروباری نوعیت کی ملاقاتیں کرے گا۔ اس دوران مختلف معاہدوں پر دستخط بھی کیے جائیں گے۔ سعودی عرب کا وفد پاکستان کی اعلٰی قیادت اور وزرا سے ملاقاتیں بھی کرے گا۔مہمان وفد پاک سعودی بزنس فورم میں شرکت کرے گا۔ علاوہ ازیں سعودی وفد کی پاکستانی کمپنیوں کے ساتھ کاروباری ملاقاتیں بھی طے ہیں۔اس دورے کے دوران مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے لیے مفاہمت کی کئی یادداشتوں پر دستخط کیے جانے کا بھی امکان ہے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.