اسلام آباد ہائیکورٹ نے خیبر پختونخوا ہاؤس ڈی سیل کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ جمعرات کو ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے خیبر پختونخوا حکومت کی درخواست پر سماعت کی۔دوران سماعت سی ڈی اے کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ خیبر پختونخوا ہاؤس میں غیرقانونی کنسٹرکشن ہوئی ہے اور کچھ واجبات بھی باقی ہیں۔عدالت نے سی ڈی اے کے وکیل سے کہا کہ ’آپ قانون قاعدے کے مطابق یہ کر سکتے ہیں۔ اگر کچھ ہے تو نوٹس کریں وہ اس کو دیکھ لیں گے۔‘چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ ’میں ڈی سیل کرنے کا آرڈر کروں گا۔‘
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پاکستان کا انڈیا میں جوہری مواد کی چوری اور فروخت پر اظہار تشویش
پاکستان نے انڈیا میں جوہری اور دیگر جوہری مواد کی چوری اور غیرقانونی فروخت کے واقعات پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ یہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے لیے سنجیدہ تشویش کا معاملہ ہونا چاہیے۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے جمعرات کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 1540 پر عملدرآمد کے حوالے سے بریفنگ کے دوران کہا کہ سلامتی کونسل ان واقعات کی روک تھام کے لیے خاطر خواہ اقدامات کرے۔ انہوں نے ایک مرتبہ پھر ان واقعات کی مکمل تحقیقات کے پاکستان کے مطالبے کو دہرایا اور اس بات پر زور دیا کہ یہ واقعات بتاتے ہیں کہ حساس مواد کی بلیک مارکیٹ کا وجود ہے۔ منیر اکرم نے جوہری مواد کے عدم پھیلاؤ اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 1540 کی نفاذ کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس: دفتر خارجہ کا غیرملکی سفارت کاروں کو نقل و حرکت محدود رکھنے کے لیے خطدفتر خارجہ نے شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس کے دوران غیرملکی سفارت کاروں کو نقل و حرکت محدود رکھنے کے لیے خط لکھا ہے۔اسلام آباد میں 15 اور 16 اکتوبر کو شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس ہو رہا ہے۔ حکومت پاکستان نے اجلاس کے معززین اور مندوبین کے لیے سخت سکیورٹی انتظامات کیے ہیں۔دفتر خارجہ کے خط میں کہا گیا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے دوران تمام سفارت کار اپنی نقل و حرکت کا محدود رکھنے پر غور کریں۔’غیرملکی سفارت کار اپنی سرگرمیوں کو ریڈ زون اور ڈپلومیٹک انکلیو تک محدود رکھے۔‘خط کے مطابق غیر ملکی سفارتی مشنز ٹریفک پولیس کے جاری ٹریفک پلان کو فالو کرے۔خط میں کہا گیا ہے کہ وزارت خارجہ شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس کو کامیاب بنانے میں سفارتی مشنز کے تعاون کی خواہاں ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے اسلام آباد کا دورہ کیا۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے متعلقہ حکام کو تزئین و آرائش اور صفائی انتظامات کے حوالے سے ہدایات دیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
’12 سے 16 اکتوبر تک شادی ہالز، کیفے، ریستوران بند کرنے کا حکم‘راولپنڈی میں ایک پولیس سٹیشن کی جانب سے ایک ایسا نوٹس سامنے آیا ہے جس میں 12 اکتوبر سے 16 اکتوبر تک شادی ہالز، کیفے، ریستوران اور سنوکر کلب بند کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔پولیس نے جڑواں شہروں میں موجودہ صورتحال کے مطابق تاجروں کو نوٹس جاری کیے ہیں اور تھانہ ریس کورس پولیس نے تاجروں سے شورٹی بانڈز بھی طلب کر لیے ہیں۔ پولیس نے کہا ہے کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔ضلع کے دیگر علاقوں اور اسلام آباد سے ایسی کوئی خبر سامنے نہیں آئی۔
واضح رہے حکومت نے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے موقع پر اسلام آباد اور راولپنڈی میں تین دن کی عام تعطیل کا اعلان کیا تھا۔