لائکس اور ویوز کا نشہ یا جلد امیر ہونے کی خواہش: امریکی سوشل میڈیا انفلوئنسرز جو آفت زدہ علاقوں کا رخ کر رہے ہیں

جہاں لاکھوں لوگ امریکی ریاست فلوریڈا میں میں آنے والے سمندری طوفان ملٹن سے پناہ مانگ رہے ہیں اور وہاں سے فرار ہونے کی کوشش کر رہے ہیں وہیں مائیک سمالز جونیئر نے فلوریڈا کے ٹیمپا کا رخ کیا جو طوفانی ہواؤں کی زد میں ہے۔

ایک طرف جہاں امریکی ریاست فلوریڈا میں لاکھوں افراد سمندری طوفان ملٹن سے بچ کر وہاں سے نقل مکانی کی کوشش کر رہے تھے وہیں مائیک سمالز جونیئر نے ٹیمپا کا رخ کیا جو شدید طوفانی ہواؤں کی زد میں تھا۔ ان کے پاس ایک (انفلیٹیبل) میٹرس، ایک چھتری اور رامین نوڈلز کا ایک پیکٹ تھا۔

وہ بدھ کی شام اس وقت باہر نکلے تھے جب فلوریڈا طوفان کی زد میں تھا اور وہ اس دوران آن لائن سٹریمنگ پلیٹ فارم کِک پر اس طوفان کی لائیو سٹریمنگ کر رہے تھے۔

انھوں نے دیکھنے والوں سے کہا کہ اگر ان کی اس لائیو سٹریمنگ کو دیکھنے والوں کی تعداد 10,000 سے تجاوز کر گئی تو وہ اپنے میٹرس کو لے کر پانی میں اتر جائيں گے۔

جیسے ہی لائیو سٹریمنگ دیکھنے والوں کی تعداد دس ہزار پر پہنچی تو انھوں نے پانی میں چھلانگ لگا دی۔ لیکن جلد ہی انھیں صورتحال کی سنگینی کا احساس ہو گیا۔ وہ اپنی سٹریم پر کہتے سنے جا سکتے ہیں: ’ہوا تیز ہونے لگی ہے اور مجھے تیرنا نہیں آتا۔۔۔ اس لیے مجھے درخت کو پکڑنا پڑا ہے۔‘

مقامی حکام کی جانب سے اس علاقے کو خالی کرنے کا حکم جاری کیا جا چکا تھا اور لوگوں کو حفاظت کے پیشِ نظر گھر بار چھوڑ کر محفوظ مقامات پر منتقل ہو نے کا مشورہ دیا گیا تھا۔

ٹیمپا بے سے مائیک کی ایک گھنٹے تک جاری رہنے والی براہ راست سٹریمنگ کو کِک پر 60 ہزار سے زیادہ ویوز ملے۔ ایکس اور دوسرے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ڈالے گئے ان کی سٹریم کے چھوٹے چھوٹے کلپ اب تک لاکھوں بار دیکھے جا چکے ہیں۔

لائیو سٹریمنگ جلدی پیسہ کمانے کے خواہشمند کونٹینٹ کریئیٹرز میں بہت مقبول ہے لیکن زیادہ سے زیادہ ویوز حاصل کرنے اور دوسروں سے آگے نکلنے کے چکر میں اکثر سٹریمرز خطرہ بھی مول لیتے ہیں۔

سمندری طوفان ملٹن میں ایک درجن سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے ہیں
Getty Images
سمندری طوفان ملٹن میں ایک درجن سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے ہیں

بہت سے لوگوں نے سوشل میڈیا پر مائیک کے اس کام کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ وہ محض کلکس اور لائکس کے لیے اپنی جان کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔

اس بار وہ بحفاظت اس صورتحال سے نکلنے میں کامیاب رہے ہیں۔ تمام خطرات کے باوجود ان کا کہنا ہے کہ وہ ایسے خطرناک کرتب دوبارہ کرنے کے لیے تیار ہیں ’اگر قیمت صحیح‘ ہوئی تو۔

جب مائیک سے ان پر ہونے والی تنقید کے بارے میں پوچھا گيا تو ان کا کہنا تھا کہ وہ تسلیم کرتے ہیں کہ جو انھوں نے کیا وہ ’متنازع‘ تھا اور کچھ افراد کی نظر میں نہ صرف وہ اپنی زندگی کو خطرے میں ڈال رہے ہیں بلکہ ان لوگوں کی جانوں کو بھی خطرے میں ڈال رہے ہیں جنھیں خطرناک صورت حال میں انھیں بچانے آنا پڑ سکتا ہے۔

تاہم ان کا کہنا تھا: ’کونٹینٹ کریئیٹر کے نقطہ نظر سے دیکھیں تو لوگ اس قسم کی خطرناک چیزیں دیکھنا پسند کرتے ہیں۔‘

ٹیمپا پولیس ڈیپارٹمنٹ نے ایک بیان میں کہا: ’لازمی انخلا کے احکامات کو نظر انداز کرنے سے زندگیاں خطرے میں پڑ سکتی ہیں۔‘ پولیس کا کہنا تھا کہ جب لوگ ان انتباہی پیغامات کو نظر انداز کرتے ہیں تو وہ نہ صرف اپنی زندگی کو خطرے میں ڈال رہے ہوتے ہیں بلکہ امدادی کارکنوں کے لیے بھی مشکلات میں اضافہ کر رہے ہوتے ہیں۔

’دانستہ طور پر اپنے آپ کو خطرے میں ڈالنا اہم وسائل کو منحرف کر سکتا ہے اور دوسروں کے لیے اہم امدادی کارروائیوں میں تاخیر کا باعث بن سکتا ہے۔‘

رواں سال سمندری طوفانوں نے امریکہ کے جنوب مشرقی ساحلوں کو بری طرح سے متاثر کیا ہے اور سیکڑوں افراد کی ہلاک کی وجہ بنے ہیں۔

بدھ کے روز فلوریڈا کے ساحل سے ٹکرانے والے کیٹیگری 5 سمندری طوفان ملٹن کے نتیجے میں لاکھوں افراد کو نقل مکانی کرنی پڑی۔

طوفان میں کم از کم 16 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ لاکھوں لوگ اب بھی بجلی سے محروم ہیں۔ ریسکیو عملے کو ہزاروں افراد کو بچانا پڑا کیونکہ پانی گھروں میں گھس آیا تھا۔

سمندری طوفان ہیلین اور ملٹن نے امریکہ میں کافی تباہی مچائی ہے۔ دو ہفتوں سے بھی کم وقت میں پانچ سمندری طوفان آئے ہیں اور یہ تعداد بحر اوقیانوس میں عام طور پر پورے سال میں آنے والے طوفان سے زیادہ کم نہیں ہے۔

مائیک انبے شمارکونٹینٹ کریئیٹرز میںسے ایک ہیں جو حالیہ دنوں میں کِک اور ٹِک ٹاک سمیت متعدد سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پیسہ کمانے کی خاطر سمندری طوفانوں کے دوران خطرہ مول لے کر لائیو سٹریمنگ کر رہے ہیں۔

مائیک کہتے ہیں کہ لائیو سٹریمنگ ان کا کل وقتی کام ہے۔

اس سے قبل انھوں نے بیڈ روم کے اندر آتش بازی کرنے اور فاسٹ فوڈ ریستوراں میں عملے کو کام سے روکنے جیسی ویڈیوز بنائی ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ سمندری طوفان ملٹن کی لائیو سٹریمنگ کے لیے ان کا منصوبہ یہ تھا کہ وہ ’کچھ اچھی کلپس حاصل کروں گا، اور پھر اگر حالات خراب ہونے لگی تو پانچ، دس منٹ کے اپنے واپسی کے سفر کو ریکارڈ کر لوں گا۔‘

یہ پہلا موقع نہیں جب انھوں نے خود کو خطرے میں ڈالا تھا۔

ملٹن کے ٹکرانے سے چند ہفتے قبل فلوریڈا کو نشانہ بنانے والے سمندری طوفان ہیلین میں بھی وہ باہر نکلے تھے۔ وہ وہاں ایک ٹینٹ لے کر پہنچے تھے اور تقریبا پانچ گھنٹے سے زیادہ وقت تک لائیو سٹریم کی تھی۔

وہ ایک انڈر پاس میں اپنے خیمے کو تھام کر بیٹھے ہوئے تھے اور اپنے فون پر لائیو سٹریمنگ کر رہے تھے۔ وہ اس دوران کہہ رہے تھے کہ وہ اس ’سمندری طوفان کو برداشت کریں گے۔ کیوں؟ لوگوں کو محظوظ کرنے کے لیے۔‘

اس سے قبل ہیلین طوفان نے تباہی مچائی تھی
Getty Images
اس سے قبل ہیلین طوفان نے تباہی مچائی تھی

ان سے صرف چند میٹر کے فاصلے پر طوفان میں بپھرے سمندر کی لہریں بند سے ٹکرا رہی تھیں۔

مائیک کا کہنا تھا کہ ان کا کام صرف تفریح فراہم کرنا اور اپنے فالوورز کے لیے دلچسپ کونٹینٹ کی تخلیق بارے میں سوچنا ہے۔ اور اگر انھیں دیکھ کر لوگ ان کی طرح کرنا چاہتے ہیں تو وہ ان کی خواہش کا احترام کرتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ آپ کو خود اندازہ لگا کر ’اپنی ذمہ داری پر چیزیں کرنی چاہیے۔‘

کِک جیسے پلیٹ فارم سٹریمرز کو دو طرح سے مراعات دیتے ہیں: ایک تو ان کی سٹریم کو ملنے والے ویوز کی بنیاد پر انھیںرقم ادا کی جاتی ہے اور دوسرے انھیں وہ رقم بھی ملتی ہے جو دیکھنے والے سٹریم کے دوران انھیں عطیہ کرتے ہیں۔

مائیک سمالز جونیئر نے یہ تو واضح نہیں بتایا کہ انھیں ملٹن کے دوران کی گئی لائیو سٹریمنگ سے کتنی کمائی ہوئی ہے تاہم ان کا کہنا تھا کہ کچھ سٹریمرز 300 سے 400 امریکی ڈالر فی گھنٹہ تک کما لیتے ہیں۔ اپنی تازہ ترین سٹریمنگ کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ اس سے انھوں نے اتنا کما لیا ہے کہ اس سے کچھ بل ادا ہو جائیں گے۔

مائیک کا کہنا ہے کہ بظاہر ایسا لگ سکتا ہے کہ وہ ویوز کے لیے کچھ بھی کر گزرتے ہیں لیکن وہ حفاظت کو بہت سنجیدگی سے لیتے ہیں۔ تیراکی نا آنے کے باوجود طافان کے دوران سمندر میں جانے کے فیصلے کے بارے میں ان کا اصرار ہے کہ انھوں اس بارے میں تمام خطرات کو مدِ نظر رکھنے کے بعد یہ کام کیا تھا۔

طوفان سے بچنے کے بعد وہ بہت فخر کے ساتھ بتاتے ہیں: ’میں یہیں رہا، میں نہیں مرا اور میں مزے میں ہوں۔‘

جب کک سے مائیک سمالز جونیئر اور پلیٹ فارم پر عائد ذمہ داری کے حوالے سے سوال کیا گیا تو کِک کا کہنا تھا کہ ان کی اولین ترجیح کونٹینٹ کریئیٹرز ہیں۔ ان کا کہنا تھا وہ اس بات پر بالکل اثر انداز نہیں ہوتے کہ کونٹینٹ کریئیٹرز کیا سٹریم کرنا چاہتے ہیں۔ ’تاہم، اگر وہ کونٹینٹ ہماری سروس کی شرائط کی خلاف ورزی کرتا ہے، یا کسی بھی طرح سے غیر قانونی ہے، تو ہم اس پر پابندی لگا سکتےیا اسے معطل کر سکتے ہیں۔‘

جب ان سے سوال ہوچھا گیا کہ آیا مائیک کا کونٹینٹ ان کی کمیونٹی گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی کرتا ہے تواس پر کِک کا کہنا تھا کہ ’سیفٹی سب سے پہلے ہے: اپنی، اپنے دیکھنے والوں، عوام اور اس عمل میں شامل کسی بھی فردکیحفاظت کو ترجیح دیں۔‘

دوسری جانب ٹِک ٹاک نے بی بی سی کو بتایا کہ کوئی بھی ایسا کونٹینٹ جو دھوکہ دہی پر مبنی ہو، یا زیادہ ویوز حاصل کرنے کے لیے متنازع مسائل کا فائدہ اٹھایا جارہا ہو، یا مصیبت میں مبتلا لوگوں کی تکالیف کا استحصال کیا جارہا ہو مونیٹائزیشن کے لیے اہل نہیں ہوتے۔

مائیک کی پروفائل اور سمندری طوفان کے دوران بنائی گئی ویڈیوز اب بھی آن لائن موجود ہیں۔

جب مائیک سے امدادی کارکنوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے کے بارے میں پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ وہ جانتے ہیں کہ وہ کیا کر رہے ہیں۔

انھوں نے کہا: ’مجھے بچانے مت آنا۔ اگر میں پھر سے سمندری طوفان میں جاتا ہوں؟ ٹھیک ہے۔ آپ کو کچھ نہیں کہنا پڑے گا۔ میں آپ کی جان کو خطرے میں نہیں ڈالنا چاہتا۔ بالکل نہیں۔‘


News Source

مزید خبریں

BBC
مزید خبریں
سائنس اور ٹیکنالوجی
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.