وہ گاؤں جہاں گالی دینے پر 500 روپے جرمانہ ہو گا: ’سی سی ٹی وی سے لوگوں پر نظر رکھی جائے گی‘

اس چھوٹے سے گاؤں کی پنچائیت نے حال ہی میں یہ متفقہ فیصلہ سُنایا ہے کہ گاؤں میں کوئی بھی آئندہ ماں یا بہن کی گالی دے گا تو اس پر جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
گالی
Getty Images

’اگر کوئی میری ماں یا بہن کو گالی دے گا تو مجھے بہت غصہ آئے گا۔ اس کی روک تھام ہونی چاہیے اور اسی لیے ہمارے گاؤں نے اس بارے میں فیصلہ کیا۔۔۔ مجھے اپنے گاؤں پر بہت فخر ہے۔‘ یہ کہنا ہے انڈین ریاست مہاراشتر کے سونڈالہ گاؤں کے رہائشی منگل چاموٹے کا۔

1800 افراد پر مشتمل آبادی والے اس چھوٹے سے گاؤں کی پنچائیت نے حال ہی میں یہ متفقہ فیصلہ سُنایا ہے کہ گاؤں میں کوئی بھی آئندہ ماں یا بہن کی گالی دے گا تو اس پر جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

گاؤں میں اس فیصلے سے آگاہی اور لوگوں کی یاد دہانی کے لیے جگہ جگہ اس فیصلے سے متعلق پوسٹرز بھی لگائے گئے ہیں۔

پنچائیت کے سربراہ شرد ارگڈے کہتے ہیں کہ اس فیصلے کا مقصد ماؤں اور بہنوں کی عزت کروانا ہے۔

’وہ عورت جس کی کوکھ سے ہم پیدا ہوتے ہیں وہ کتنی مقدس ہوتی ہے۔ ہمیں اس مقدس ہستی کی بے حرمتی نہیں کرنی چاہیے۔ جب ہم کسی کی ماں بہن کو گالی دیتے ہیں تو دراصل ہم اپنی ہی ماں، بہنوں کو گالی دے رہے ہوتے ہیں۔ پنچائیت نے متفقہ طور پر گالی دینے والے پر 500 روپے جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔‘

انڈیا
BBC

دنیشور تھوراٹ بھی اسی گاؤں کے رہائشی ہیں۔ جب بی بی سی کی ٹیم ان کے پاس پہنچی تو وہ اپنے دوستوں کے ساتھ پنچائیت کے اسی فیصلے پر بحث کر رہے تھے۔

وہ کہتے ہیں کہ اکثر نوجوان بات چیت کے دوران بنا کسی وجہ کے گالیاں نکالتے ہیں۔

تھوراٹ کے مطابق یہ بہت اچھا فیصلہ ہے کیوںکہ جرمانے کے ڈر سے اب کوئی بھی گالی نہیں دے گا۔

دوسری جانب سونڈالہ کی جیوتی بوڈھک بھی خوش ہیں۔ وہ کہتی ہیں کہ جرمانے کے ڈر کی جہ سے لوگ گالی دینا کم کر دیں گے۔

پنچائیت کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کا اطلاق جنس کی تفریق کے بغیر ہر کسی پر ہو گا۔

شردپنچایت کے سر پنج شرد ارگڈے کہتے ہیں کہ اس فیصلے کا مقصد ماؤں اور بہنوں کی عزت کروانا ہے
BBC
پنچائیت کے سرپنج شرد ارگڈے کہتے ہیں کہ اس فیصلے کا مقصد ماؤں اور بہنوں کی عزت کروانا ہے

سی سی ٹی وی کیمروں سے لوگوں پر نظر رکھی جائے گی

پنچائیت کی جانب سے گاؤں میں گالم گلوچ کرنے والوں پر جرمانہ لگانے کا فیصلہ تو کر لیا گیا لیکن یہ ثابت کرنا کہ کس نے گالی دی، ایک مشکل کام ہے۔

اس کے حل کے لیے گاؤں بھر میں ایسے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کر دیے گئے ہیں جن میں لوگوں کی آوازیں بھی ریکارڈ ہوتی ہیں۔

سرپنج شرد ارگڈے کہتے ہیں کہ جب کوئی شخص عوامی مقامات پر گالی دیتا ہے تو عموماً وہ ایسا اونچی آواز میں کرتا ہے۔ ایسا کرنے سے سی سی ٹی وی کی مدد سے اس کا پتا لگایا جا سکے گا۔

سی سی ٹی وی
BBC

ارگڈے کہتے ہیں کہ جب دو افراد کے درمیان جھگڑا ہوتا ہے تو اکثر آس پاس موجود لوگ جمع ہو جاتے ہیں جو ان کے خلاف گواہی دیتے ہیں۔

گاؤں والوں کا کہنا ہے کہ آنے والی نسلوں کا مستقبل بہتر بنانے کے ایسے فیصلوں پر سختی سے عملدرآمد کروانا ضروری ہے۔

پنچائیت کی رکن پرتیبھا پسوٹے کہتی ہیں کہ جب بڑے عمر کے افراد بچوں کے سامنے گالی گلوچ کرتے ہیں تو بچے ان کی رویے کی نقل کرتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ بچوں کی تربیت کے لیے لوگوں کو خود کو سدھارنا ہو گا۔

اس کے علاوہ پنچائیت نے گاؤں میں شام سات سے نو بجے کے درمیان بچوں کے موبائل فون استعمال کرنے پر بھی پابندی عائد کر دی ہے۔

منگل چاموٹے کا بیٹا دوسری جماعت میں پڑھتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جب ہم اپنے بچوں کو بتاتے ہیں کہ پنچائیت نے بچوں کے موبائل فون کے استعمال پر پابندی عائد کی ہے تو بچے ہم سے خود کہتے ہیں کہ ہمیں پڑھائیں اور ہماری تصاویر گاؤں کے واٹس ایپ گروپ پر شیئر کریں۔

سونڈالہ کے رہائشی دوسرے گاؤں کے رہائشیوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ بھی اپنے اپنے گاؤں میں ایسے اقدامات کریں۔


News Source

مزید خبریں

BBC
مزید خبریں
تازہ ترین خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.