محسن نقوی کا قذافی سٹیڈیم کا دورہ، تعمیراتی کاموں کا جائزہ

image

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے اتوار کو قذافی سٹیڈیم کا اچانک دورہ کیا اور تعمیراتی کاموں پر پیشرفت کا جائزہ لیا۔

محسن نقوی نے مرکزی عمارت کے فنشنگ کے کاموں کا معائنہ کیا اور فنشنگ ورک کو ہر صورت جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

چیئرمین پی سی بی نے پراجیکٹ پر ہونے والی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’ڈرینج ورک کو بھی مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے، جدید سہولتوں سے آراستہ قذافی سٹیڈیم رواں ماہ مکمل ہو جائے گا، چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کے لیے سٹیڈیم کی تعمیر نو کا کام تیزی سے جاری ہے۔‘

محسن نقوی نے مزید کہا کہ ’شائقین کرکٹ کے لیے نئی کرسیاں اور نئی ایل ای ڈی لائٹس لگائی جا رہی ہیں، شائقین میچ کے ساتھ لیزر لائٹ شو سے بھی محظوظ ہو سکیں گے، نئی سکور سکرینز کی تنصیب کا کام بھی جاری ہے، پی سی بی چیمپئنز ٹرافی کو یادگار ایونٹ بنانے کیلئے تیار ہے۔‘

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 19 فروری سے نو مارچ تک پاکستان کے شہر لاہور، کراچی اور راولپنڈی میں کھیلی جائے گی۔

19 روز تک جاری رہنے والی چیمپئنز ٹرافی میں آٹھ ٹیموں کے درمیان کل 15 میچز کھیلے جائیں گے جبکہ انڈیا اپنے میچز دبئی میں کھیلے گا۔

چیمپئنز ٹرافی میں حصہ لینے والی آٹھ ٹیموں میں پاکستان، آسٹریلیا، انگلینڈ، انڈیا، افغانستان، بنگلہ دیش، جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ شامل ہیں۔

ان آٹھ ٹیموں کو دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے، گروپ اے میں میزبان پاکستان، انڈیا، نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش شامل ہیں۔ گروپ بی میں آسٹریلیا، انگلینڈ، افغانستان اور جنوبی افریقہ کو شامل ہیں۔

 


News Source   News Source Text

مزید خبریں
کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.