بچے کا اسکول جانے کا دل نہیں چاہ رہا تھا لیکن ماں نے زبردستی بھیجا کہ پڑھائی کا حرج نہ ہو لیکن ماں کو کیا معلوم تھا کہ وہ اپنے بچے کو آخری مرتبہ اسکول بھیج رہی ہے۔
اب اس کے بعد وہ اپنے بیٹے کی شکل دیکھنے کے لئے بھی ترس جائے گی۔
سعودی عرب کے شہر القطیف کے اسکول میں پڑھنے والا 5 سالہ بچہ حسن علوی اسکول جاتے وقت اسکول بس میں بیٹھ گیا لیکن اس کی آنکھ لگ گئی اور وہ گہری نیند سوگیا۔ بس ڈرائیور نے بھی تمام بچوں کو چھوڑنے کے بعد بس کو چیک نہ کیا کہ کہیں کوئی بچہ رہ تو نہیں گیا۔
ڈرائیور کی یہی غلطی بچے کی جان لے گئی۔ بچہ بس میں سوتا رہ گیا اور دم گھٹنے کی وجہ سے اس کی موت واقع ہوگئی۔
سعودی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اتوار کے روز یہ دردناک واقعہ پیش آیا۔ اس پر
الشرقیہ محکمہ تعلیم کے ترجمان سعید الباحص نے کہا کہ بس ڈرائیور اسکول پہنچنے پر بچوں کو چیک کرنا بھول گیا تھا۔
اس لیے یہ افسوس ناک حادثہ ہوا مگر محکمہ تعلیم نے واقعے کی تحقیقات کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی ہے جس کی نگرانی ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر سامی العتیبی کررہے ہیں۔
حسن کے والدین بیٹے کی موت پر غم سے نڈھال ہیں۔ انہیں اسکول والوں نے فون کرکے اچانک ہسپتال بلایا جب وہ وہاں پہنچے تو بیٹے کی لاش دیکھ کر سکتے میں آگئے۔ سوشل میڈیا پر بھی حسن کے لئے خصوصی دعائیں کی جارہی ہیں۔