جوڑیاں تو بہت بنتی ہیں لیکن کامیاب ترین جوڑی وہ ہوتی ہے جو سالوں چلے، جسے دیکھ کر دوسرے بھی متاثر ہوں اور وہ سب کیلیئے ایک مثال بن جائے۔
آج وومن کارنر آپ کو ایک ایسے ہی جوڑے کے بارے میں آپ کو بتانے جارہے ہیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق، امریکی ریاست پینسلوینیا سے تعلق رکھنے والے 102 سالہ میاں بیوی نے حال ہی میں اپنی شادی کی 80 ویں سالگرہ منائی ہے۔
رابرٹ اور ایڈتھ مائی شاؤم کی 1936ء میں ہائی اسکول میں ملاقات ہوئی تھی اور 1942ء میں دونوں نے شادی کرلی تھی۔ 26 دسمبر 2022 کو انہوں نے اپنی شادی کی 80 ویں سالگرہ منائی۔
ایڈتھ مائی نے ایک ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ، "ہم ایک دوسرے کی ہر بات میں حمایت کرتے ہیں اور ایک دوسرے کو سمجھتے ہیں۔"
تو رابرٹ نے کہا کہ، "مجھے ایسا لگتا ہے ہماری کامیاب شادی کا راز، ہمارا غصے میں بستر پر نہ جانا ہے۔"
رابرٹ اور ایڈتھ مائی شوم کی ملاقات اس وقت ہوئی جب وہ 1936 میں ہائی اسکول کے طالب علم تھے۔ ان کی پہلی ملاقات فٹ بال کے میچ میں ہوئی تھی۔ ایڈتھ بتاتی ہیں کہ، "میرے والد مجھے کھیل دیکھنے لے گئے تھے اور اس دن سے ہی رابرٹ میرے سحر میں گرفتار ہو گیا تھا، پھر ہم ایک جوڑا بن گئے اور چند سال بعد جب ہم نے اپنی تعلیم مکمل کی تو 26 دسمبر 1942 کو ہم نے شادی کر لی۔"
تاہم ورلڈ ریکارڈ اب بھی ان کے پاس نہیں ہے۔
کیونکہ طویل ترین شادی کا گنیز ورلڈ ریکارڈ 86 سال اور 290 دن کا ہے۔ اسے ہربرٹ اور زیلمیرا فشر نے قائم کیا تھا، جو 2011 میں ہربرٹ فشر کی موت تک شادی شدہ تھے۔