"میرے 3 بیٹے ہیں اور تینوں الگ رہتے ہیں۔ میرا ماننا ہے کہ شادی شدہ بیٹوں اور بہوؤں کی زندگی میں مداخلت نہیں کرنا چاہیے۔ ہمارا گھر اگرچہ ایک ہی ہے لیکن فلور اور پورشنز الگ ہیں۔ یہ آئیڈیا بھی علی کا تھا۔"
یہ کہنا ہے معروف گلوکار اور آرٹسٹ علی ظفر کی والدہ ڈاکٹر کنول امین کا جنھوں نے حافظ احمد کے پوڈ کاسٹ میں شرکت کرتے ہوئے بہوؤں کے ساتھ اپنے تعلقات کے حوالے سے بات کی۔
ڈاکٹر کنول امین کہتی ہیں کہ ان کا ڈیفنس میں گھر تھا لیکن پھر زیادہ جگہ کی ضرورت ہوئی تو علی نے باقی بھائیوں سے بات کی اور ایسا گھر بنوایا جس میں سب کا الگ پورشن ہے۔ ہم جب چاہتے ہیں ساتھ بیٹھ جاتے ہیں جب چاہتے ہیں اکیلے وقت گزارتے ہیں۔ میں اپنی بہوؤں کو اس بات کا کریڈٹ دیتی ہوں کہ انھوں نے گھر کا ماحول اچھا رکھا ہوا ہے، بیٹوں سے زیادہ بہویں میرے ساتھ ہوتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ساسوں کو بہوؤں کے سر پر سوار نہیں رہنا چاہیئے نا ہی ان کے طریقہ کار کو غلط کہنا چاہیے کیونکہ ہوسکتا ہے وہ بہتر چیزیں سیکھ کر آئی ہوں. ضروری نہیں کہ آپ پہلے آگئیں تو آپ کی ہر بات درست ہو۔
بچوں کو اسپیس دینے کے متعلق ان کا کہنا تھا کہ یہ ضروری ہے کیونکہ اگر آپ بچوں کو اسپیس دیں گے ان کی بات سمجھیں گے تو وہ بھی خوشی خوشی ماں باپ کے ساتھ وقت گزاریں گے۔