آپ نے لوگوں میں بہت سی الگ الگ اور عجیب و غریب قسم کی بیماریاں دیکھی اور سنی ہونگی جنہیں دیکھ کر یقینا آپ حیران بھی ہوئے ہونگے اور افسوس بھی ہوا ہوگا، لیکن قدرت کس کے ساتھ کیسا کھیل کھیلے یہ کوئی بھی نہیں جانتا۔ آج ہم ایک ایسی بچی کے بارے میں آپکو بتانے جارہے ہیں جس کا دل اسکے سینے سے باہر دھڑکتا ہے۔
ایک ناقابل یقین حد تک نایاب حالت کے ساتھ پیدا ہونے والی لڑکی جس کا دل اس کے سینے سے باہر دھڑکتا ہے۔ ہالی ووڈ، فلوریڈا سے تعلق رکھنے والی ورساویہ بورون ایک انتہائی مختلف حالت کے ساتھ پیدا ہوئی تھی جسے "پینٹالوجی آف کینٹریل" کہتے ہیں۔ جب ویرسویہ کی ماں ڈاری حاملہ تھیں، تب انہیں یہ تباہ کن خبر ملی کہ ان کی بیٹی کے حمل یا پیدائش کے دوران مرنے کا امکان ہے کیونکہ دوران حمل بچی کی پسلیوں کے پنجرے اور پیٹ کے پٹھے ٹھیک طرح سے نہیں بن پارہے تھے، جس کی وجہ سے پیدائش کے وقت بچی کا دل اسکے سینے سے بابر نکل کر دھڑکنے لگا۔ لیکن ورساویہ نہ صرف بچ گئی بلکہ وہ آج ایک نوعمر بچی کی طرح زندگی کے منازل طے کر رہی ہے۔
ڈاری بورون اصل میں روس سے تعلق رکھتی ہیں، 2015 میں اپنے آبائی گھر سے ورساویہ کے ساتھ اس امید سے امریکہ منتقل ہوئی تھیں کہ دل کی سرجری سے ورساویہ کو معمول کی زندگی گزارنے کا موقع ملے گا۔ وہ اب فلوریڈا میں ہی رہتے ہیں۔ ورساویہ ایک ایسی حالت میں بھی مبتلا ہے جہاں انکا دل نہ صرف سینے سے باہر دھڑکتا ہے بلکہ اس کے دل میں سوراخ بھی ہے۔ ایسی نایاب اور انوکھی حالت ایک ملین بچوں میں سے صرف ایک کو ہی متاثر کرتی ہے۔ یہ بیماری روز مرہ کی زندگی میں درد کا باعث نہیں بنتی بلکہ اس کے دل کو بے نقاب کر دیتی ہے کیونکہ یہ جلد کی سطح کے بالکل نیچے ہوتا ہے۔
دیگر نو عمر لڑکیوں کی طرح ورساویہ کو فیشن، ناچنا، گانا، دوستوں کے ساتھ کھیلنا اور ڈرائنگ کرنا بہت پسند ہے، لیکن اسے اپنے بے نقاب دل کی وجہ سے محتاط رہنا پڑتا ہے، وہ ایک زندگی سے بھرپور اسکول جانے والی بچی ہے۔ گھر سے باہر نکلتے وقت ورساویہ کسی بھی قسم کی چوٹ سے بچنے اور اپنے دل کی حفاظت کیلیئے سینے کی چادر پہنتی ہیں کیونکہ ٹکرانا یا گرنا اس کے لیئے جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے۔ اپنی اس حالت کی وجہ سے اسکا کافی وقت ہسپتال میں گزرتا ہے۔ 2020 کے آغاز میں وہ اپنے خون میں آکسیجن کی سطح میں اچانک کمی کا شکار ہوئی جس کی وجہ سے چکر آنا اور سانس لینے میں دشواری ہوئی، اسے فورا ایمرجنسی میں لے جایا گیا جس کے بعد دو ہفتے ڈاکٹروں کی نگرانی میں اس نے ہسپتال میں قیام کیا۔
ورساویہ کا چھوٹا بھائی، ارون اپنی بہن سے بہت محبت کرتا ہے اسکو اپنی بہن کے دل کے قریب جانا اسے ہاتھ لگانا اور اپنے چہرے کو اسکے دل پر لگانا بہت پسند ہے۔ ڈاری نے کہا "میرا بیٹا سوچتا ہے کہ اس کا دل جادوئی اور خوبصورت ہے" مجھے ان دونوں بھائی بہن کو ایسے دیکھنا بہت اچھا لگتا ہے۔ میرے لیئے میری بیٹی قدرت کا ایک ایسا معجزہ ہے جو سب سے انوکھا اور پیارا ہے۔ آج ورساویہ تیرہ سال کی ہے اور بہت ہمت اور بہادری سے مسکراتے ہوئے اس بیماری کا مقابلہ کررہی ہے، اس امید کے ساتھ کہ وہ ایک دن مکمل طور پر ٹھیک ہوجائے گی۔