بھارت سے عجیب و غریب واقعات آنا رُک جائیں ایسا ممکن نہیں ہے۔ جیسا کہ اس واقعے نے سب کو اپنا سر پکڑنے پر مجبور کردیا ہے۔ جی ہاں! بھارت میں ایک بھینس خاتون کے لاکھوں روپے کا ہار (منگ سوتر) نگل گئی جسے سن کر خاتون کے پیروں تلے زمین نکل گئی۔
یہ واقعہ بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے ضلع واشم میں پیش آیا جہاں ایک بھینس چارے کے ساتھ سونے کا ہار بھی نگل گئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق خاتون نے اپنا سونے کا ہار سویا بین اور مونگ پھلی کے چلکھوں سے بھری ہوئی پلیٹ میں رکھا تھا۔ گھر کے کسی رکن نے وہ پلیٹ بھینس کے آگے رکھ دی جسے وہ کھا گئی۔
خاتون نے جب پلیٹ خالی دیکھی تو انہیں یاد آیا کہ ڈیڑھ لاکھ بھارتی روپے اور 20 گرام وزنی منگل سوتر اسی پلیٹ میں رکھا تھا جسے بھینس کھا گئی۔
خاتون نے یہ بات اپنے شوہر کو بتائی جس کے بعد ڈاکٹر کو بلایا گیا اور ڈاکٹر کی جانب سے بھینس کے پیٹ کا چیک اپ کرنے پر منگل سوتر کی پیٹ میں موجودگی کا معلوم ہوا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اگلے دن بھینس کا آپریشن کیا گیا جو 2 گھنٹوں پر مشتمل تھا،اس آپریشن میں بھینس کے پیٹ پر 60 سے 65 ٹانکے آئے اور خاتون کو اپنا سونے کا ہار اس طرح مل گیا۔