شادی ایک خوشی کا موقع ہوتا ہے جسے ہر کوئی بہت ہی جوش و خروش سے مناتا ہے چاہے پھر وہ لڑکے والے ہوں یا پھر لڑکی والے۔ اسیے میں اگر خوشی کا سماں ماتم میں بدل جائے تو؟ ایسا ہی ایک افسوسناک واقعہ حال ہی میں پیش آیا۔
بھارتی ریاست گجرات میں بھاو نگر کے سبھاش نگر علاقے میں جاری شادی کی تقریب جاری تھی جب دوران تقریب دلہن نے اپنی آخری سانسیں لیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، دلہن کی شادی کی رسومات کے درمیان دل کا دورہ پڑنے سے موت ہو گئی۔
رپورٹس کے مطابق، یہ افسوسناک واقعہ بھاو نگر کے بھگوانیشور مہادیو مندر کے سامنے بنائے گئے شادی کے منڈپ میں پیش آیا جہاں ہیتل اور وشال کی شادی کی رسومات جاری تھیں، مہمان گانوں پر رقص کررہے تھے اور خوشی کا سماں تھا۔اس دوران دلہن چکرا کر زمین پر گرکر بے ہوش ہوگئی۔
تاہم دلہن کو فوراً اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ راستے میں ہی انتقال کرگئی، ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ہیتل کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی۔
جب ہیتل کی موت نے خاندان کو غم سے دوچار کر دیا تو رشتہ داروں نے ایک متبادل تجویز پیش کی۔ رشتہ داروں کا کہنا تھا کہ ہیتل کی چھوٹی بہن شادی کی رسومات پوری کرے۔ دلہا اور دلہن نے بھاری دل کے ساتھ یہ فیصلہ قبول کیا۔
شادی کی تقریب مکمل ہونے تک ہیتل کی لاش مردہ خانے میں رکھی گئی۔