عام طور پر دیکھا گیا ہے کہ خواتین اپنی جوانی کا وقت یا تو کیرئیر کو مستحکم کرنے میں گزار دیتی ہیں اور سوچتی ہیں کہ شادی اور بچوں کا سلسلہ بعد میں بھی ہوسکتا ہے یا پجر شادی کر کے اپنے خوابوں کو فراموش کردیتی ہیں۔ معروف اداکارہ بشریٰ انصاری نے ایسی خواتین کے لئے اپنی زندگی کی مثال پیش کی ہے جس میں گہری نصیحت پوشیدہ ہے۔
“عورتوں کو اللہ نے بہت سی صلاحیتوں سے نوازا ہے وہ چاہیں تو ایک وقت میں بہت سے کام کرسکتی ہیں۔ میں نے بھی ٹی وی پر کام کیا لیکن ساتھ ساتھ ہاؤس وائف کے طور پر گھر میں بھی سارے فرائض ادا کیے۔ ماں کے طور پر بچوں کی پرورش کی، ان کو اسکول بھیجا، کھانے پکائے اس کے علاوہ وہ سب کام کیے جو آج گھر میں ایک عام عورت کرتی ہے“
یہ کہنا ہے پاکستان کی لیجنڈ اداکارہ اور معروف میزبان بشریٰ انصاری کا جنھوں نے حال ہی میں ایک ٹاک شو میں شرکت کی اور اپنی نجی زندگی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے آج کے دور کی خواتین کو بھی کیرئیر کے ساتھ ساتھ ماں بننے کا مشورہ دیا۔
بشریٰ انصاری کا کہنا تھا کہ وہ شوبز انڈسٹری کی اداکاراؤں کو بھی یہی مشورہ دیتی ہویں کہ اپنے کرئیر کے دوران ہی شادی کرکے بچے پیدا کرلیں، اگر آپ یہ سوچیں گے کہ بچہ آنے کے بعد کام رُک جائے گا تو کبھی گھر نہیں بن سکے گا۔ صرف میں ہی نہیں بلکہ ہمارے دور کی دیگر اداکارائیں روبینہ اشرف، صبا حمید نے اپنے کام کے ساتھ بچوں کی پرورش بھی کی ہے
بشریٰ انصاری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ ’اللہ نے خواتین کو بہت زیادہ صلاحیتوں سے نوازا ہے، لڑکیاں اگر چاہیں تو ایک وقت میں بہت سارے کام کرسکتی ہیں۔ اس سلسلے میں انھوں نے اپنی والدہ کی مثال بھی دی کہ کس طرح گھریلو خاتون ہونے کے ساتھ انھوں نے مصوری کی اور سلائی کڑھائی بھی کی۔ بشریٰ کا کہنا تھا کہ خواتین کو وقت نہیں ضائع کرنا چاہیے۔