شوہر اور اکلوتے بیٹے کی وفات کے بعد معمر خاتون داتا دربار کے باہر بھیک مانگنے پر مجبور ہوگئی، بھوک سے بلکتے پوتے، پوتیوں نے بوڑھی دادی کو غم سے نڈھال کردیا۔
لاہور میں داتا دربار باہر بیٹھی 90 سالہ خاتون نے بتایا کہ 50 سال پہلے شوہر کا انتقال ہوگیا تھا، کچھ سال پہلے اکلوتا بیٹا بھی موت کی وادی میں چلا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ گھر میں کمانے والا اور کوئی نہیں ہے جس کی وجہ سے مجھے باہر نکلنا پڑا لیکن ٹانگوں کی بیماری کی وجہ سے محنت مشقت کرنےسے قاصر ہوں، اس لئے داتا دربار کے باہر لوگوں کے سامنے ہاتھ پھیلاتی ہوں۔
خاتون نے بتایا کہ ان کے چھوٹے چھوٹے پوتے پوتیاں دودھ مانگتے ہیں تو کئی بار پانی میں چینی گھول کر پلادیتی ہوں، کئی بار کھانے کو کچھ نہیں ہوتا، بچوں کو صرف پانی پلاکر سلادیتی ہوں۔
انہوں نے بتایا کہ بیماری کی وجہ سے ٹانگوں کا وزن اتنا ہوگیا ہے کہ اٹھانا مشکل ہے لیکن پھر بھی کسی نہ کسی طرح بچوں کا پیٹ پالنے کی خاطر روز گھر سے نکلتی ہوں اور یہاں آکر بیٹھ جاتی ہوں۔
معمر خاتون نے حکومت اور فلاحی اداروں سے اپیل کی ہے کہ پوتے پوتیوں کیلئے کھانے پینے کا انتظام کیا جائے اور ان یتیم بچوں کی کفالت کی ذمہ داری لی جائے ۔