“جب میں اپنی بیوی کو اسپتال چھوڑ رہا تھا تب نہیں جانتا تھا کہ یہ واپس کبھی گھر نہیں آئے گی۔ میری بیوی بفیلو نے ہمارے دوسرے بیٹے کو جنم دیا اور پھر اس کی طبعیت اتنی خراب ہوگئی کہ وہ زندہ نہیں بچی اور دنیا سے چلی گئی۔ میں بیٹے کو اکیلے گھر واپس لاتے ہوئے بہت رویا ہوں“
یہ کہنا ہے امریکی ریاست نیو یارک سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر جیرڈ ولسن کا جنھوں نے اپنے دوسرے بیٹے کی پیدائش پر اپنی محبت کرنے والی 27 سالہ بیوی کو ہمیشہ کے لئے کھو دیا۔ اب جیرڈ کے دو بیٹے لنکن اور جیبرئیل ہیں۔ ان کا چھوٹا بیٹا صرف ایک ماہ کا ہے اور وہ اسپتال میں ڈیوٹی کرنے کے بعد بچوں کا خیال بھی رکھتے ہیں۔
ڈاکٹر جیرڈ کے مطابق ان کی اہلیہ دوران حمل گر گئیں تھیں جس کے باعث انھیں فوری طور پر اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ کچھ دیر ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد ڈاکٹروں نے امید دلائی تھی کہ ماں اور بچہ دونوں بچ جائیں گے اور ایسا ہی ہوا۔ بیٹے کی پیدائش کے بعد وہ جب بیوی سے ملے تو وہ بالکل ٹھیک تھیں لیکن اگلے ہی گھنٹے ان کی طبعیت بگڑ گئی۔
“یہ وہ لمحہ تھا جب میں اپنی بیوی کو اپنے سامنے دم توڑتا دیکھ رہا تھا اور کچھ نہیں کرسکتا تھا کیوں کہ نہ تو اس کا بلڈ پریشر قابو میں آرہا تھا اور خون زیادہ بہہ جانے کی وجہ سے اس کا چہرہ سفید پڑ گیا اور وہ ہمیں چھوڑ کر چلی گئی“
ڈاکٹر جیرڈ کہتے ہیں کہ انھیں اپنے بیٹوں کی پرورش کرنے کے علاوہ ان کے اندر ان کی ماں کی یادوں کو بھی زندہ رکھنا ہے۔ کیونکہ وہ اپنی بیوی کو کبھی بھول نہیں سکتے۔