دعا زہرہ بلاآخر آج بازیاب ہوگئی جس کے بعد ان کے والدین کے گھر دوبارہ خوشیاں لوٹ آئی ہیں۔ بیٹی کے مل جانے پر والد مہدی علی کاظمی نے خوشی کا اظہار کیا ہےجس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بہت وائرل ہو رہی ہے۔
دعا زہرہ کی ایک ماہ اور 21 روز بعد بہاول نگر کی تحصیل چشتیاں سے بازیابی عمل میں آئی ہے جس پر دعا کے ماں باپ خوشی سے نڈھال ہیں۔
مہدی علی کاظمی کا ویڈیو پیغام سوشل میڈیا اس وقت چل رہا ہے جس میں انہیں ایک صحافی سے بات کرتے ہوئے دیکھا گیا خوشی کا اظہار کرتے ہوئے دیکھا گیا۔
مہدی علی کاظمی نے بیٹی کی بازیابی کے دن کو عید کے دن سے تشبیہ دی اور کہا کہ آج کے دن ہمارے گھر میں عید کا سماں ہے کیوں کہ جو آخری عید گزری تھی وہ قیامت کی طرح تھی،آج صبح سویرے پولیس نے اطلاع دی کہ دعا بازیاب ہوگئی ہے جس کے بعد میں نے گھر والوں کو بتایا اور ہمیں ابھی تک یقین نہیں آرہا کہ جس دن کا انتظار تھا وہ دن آگیا ہے۔
ویڈیو میں دعا کی والدہ کا کہنا ہے کہ میں بہت خوش ہوں ایسا محسوس ہو رہا ہے جیسے آج عید کا دن ہے اور یہ بھی نہیں پتا کہ جب دعا سامنے آئے گی تو ہمارے کیا جذبات ہوں گے، دعا کی والدہ نے اس موقع پر اللہ کا شکر ادا کیا ساتھ ہی شہلا رضا ، پولیس اور دیگر افرادکا بھی شکریہ ادا کیا۔
دعا زہرہ کے والد نے ویڈیو پیغام میں پیپلز پارٹی کی رہنما شہلا رضا، سماجی کارکن سید ظفر عباس ، سندھ اور پنجاب پولیس، معزز جج صاحبان اور دیگر لوگوں کا دعا زہرہ کی بازیابی میں تعاون کرنے پر شکریہ ادا کیا۔