پاکستان شوبز انڈسٹری کے نامور اداکار ہمایوں سعید نے دعویٰ کیا ہے کہ جو لڑکی میرے ساتھ کام کرتی ہے سپر اسٹار بن جاتی ہے، ہمایوں سعید کے دعوے کے بعد انڈسٹری میں ہلچل سی مچ گئی ہے۔
ہمایوں سعید نے ایک انٹرویو میں کہا کہ سجل علی اور یمنیٰ زیدی کے ساتھ ڈراموں میں مرکزی کردار ادا کر رہا ہوں، جو لڑکی میرے ساتھ فلم یا ڈرامے میں کام کرتی ہے سپر اسٹار بن جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کی وجہ سے میری زندگی میں کوئی تبدیلی نہیں کیونکہ میری توجہ کام پر زیادہ سوشل میڈیا پر کم ہوتی ہے۔
ہمایوں سعید نے کہا کہ ماہرہ خان کے ساتھ فلم ’بن روئے‘ میں کام کیا ، ماہرہ خان میری نئی فلم کی ہیروئن ہیں، ان کی شادی سے کوئی فرق نہیں پڑے گا میں فلم کا شیڈول تبدیل کردوں گا۔ توقع ہے نئی فلم میں بھی ہماری جوڑی لوگوں کو پسند آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ چند بیوقوف لوگ مجھ سے حسد کرتے ہیں ورنہ باقی سب تو مجھ سے پیار کرتے ہیں۔ تنقید کرنے والوں کو اپنے عمدہ کام سے جواب دیتا ہوں۔ سال 2024 میں 6 فلمیں بناؤں گا۔
ہمایوں سعید کے دعوے پر بعض شوبز شخصیات کا کہنا ہے کہ خود ڈائریکٹر اور خود پروڈیوسر بن کر اپنے پیسوں سے اپنے لئے فلمیں اور ڈرامے بنانے والے ہمایوں سعید شاہ رخ خان بننے کی کوشش کرتے ہیں لیکن آج تک اپنا کوئی اسٹائل نہیں بناسکے۔
شوبز حلقوں کا کہنا ہے کہ ہمایوں سعید ایک ایوریج اداکار ہیں اور ساتھ کام کرنے والی لڑکیوں کے سپر اسٹار بننے کے دعوے میں دور دور تک کوئی سچائی نہیں کیونکہ ہمایوں سعید ہمیشہ سپر اسٹارز کے ساتھ ہی کام کرتے ہیں جس کی وجہ سے ان کی پروڈکشن کو کامیابی ملتی ہے۔