چند ماہ پہلے لاپتہ ہونے والے مشہور صحافی عمران ریاض کی اہلیہ نے جشن آزادی کے موقع پر اپنے چاروں بچوں کے ہمراہ ایک ویڈیو پیغام سوشل میڈیا پر شئیر کیا تھا۔ جس میں ان کا کہنا تھا کہ،
بچے روزانہ پوچھتے ہیں کہ بابا کب آئیں گے۔ میں، میرے بچے اور عمران کے والدین سب بہت سخت اور ناقابل بیان اذیت کا شکار ہیں۔ میں نہیں جانتی کیا کہنا چاہیے۔ میرے پاس الفاظ نہیں ہیں ایسا کوئی دروازہ نہیں جہاں ہم نے انصاف کے حصول کے لئے دستک نہ دی ہو لیکن میرے شوہر کو سچ بولنے اور عوام کے جائز حقوق مانگنے پر سزا دی گئی ہے
عمران ریاض کی اہلیہ کا کہنا تھا کہ عمران ریاض صرف ایک صحافی نہیں بلکہ میرے 3 بچوں کے باپ بھی ہیں۔ ہم ان کے خاندان والے ہیں لیکن ہمیں نہیں پتا کہ وہ کہاں ہیں۔ انھیں لاپتہ ہوئے 75 دن ہوگئے ہیں آپ خود سوچیں کہ ہمیں کتنی تکلیف ہوتی ہوگی۔
ویڈیو کے آخر میں انہوں نے کہا کہ میری سب سے یہی درخواست ہے کہ عمران ریاض کو واپس لانے میں ہماری مدد کریں اور ان کے لئے آواز اٹھائیں۔