اپنے پیاروں کو کھونے کے بعد انکی یاد سے نکلنے کے مختلف طریقے ہیں، لیکن اکثر لوگ ایسا کچھ کردیتے ہیں جو سب کو حیران کردیتا ہے۔
ایسا ہی کچھ بھارت کے شہر کولکتہ میں ہوا جہاں ایک شخص نے اپنی بیوی کو یاد کرنے کا ایک مناسب طریقہ تلاش کیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، کولکتہ میں ایک 65 سالہ شخص نے اپنی مرحومہ بیوی کا سلیکون مجسمہ بنایا، جو 2021 میں کورونا وائرس سے انتقال کر گئی تھی۔
تپاس سندیلیا نے ٹائمز آف انڈیا کو بتایا کہ، ان کی آنجہانی بیوی اندرانی نے کہا تھا کہ وہ مرنے کے بعد مجسمہ بننا چاہتی ہیں۔ ہم نے ایک دہائی قبل مایا پور میں اسکون مندر کا دورہ کیا تھا اور آرڈر کے بانی، اے سی بھکتویدانتا سوامی کے جاندار مجسمے کی تعریف کرنے کے بعد اندرانی نے مجھے کہا کہ اگر وہ مجھ سے پہلے انتقال کر جاتی ہیں تو اسی طرح کا مجسمہ انکا بھی بنایا جائے۔
رپورٹس کے مطابق ڈھائی لاکھ بھارتی روپے سے تیار کردہ مجسمہ شوہر نے اپنی بیوی کے پسندیدہ کمرے میں رکھا ہے، یہی نہیں بلکہ شوہر نے مجسمے کو بیوی کی پسندیدہ ساڑھی، میک اپ اور جیولری بھی پہنائی ہے،جسے دیکھ کر یقین نہیں ہوتا کہ یہ اصلی انسان نہیں بلکہ ایک مجسمہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ، بیوی کا مجسمہ بنانے پر گھر والوں کی جانب سے کافی تنقید کی گئی تھی جس کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر مرنے کے بعد تصویر بنائی جاسکتی ہے تو مجسمہ کیوں نہیں؟
ریٹائرڈ ملازم کی اپنی مرحومہ بیوی کے لیے محبت، متجسس پڑوسیوں اور یہاں تک کہ محلے کے باہر سے کبھی کبھار آنے والوں کو اپنی طرف کھینچتی ہے۔ مجسمہ ساز سبیمل داس کو مجسمے کو مکمل کرنے میں چھ ماہ سے زیادہ کا عرصہ لگا۔