اس سال کافی مشہور شخصیات نے حج کی ادائیگی کی تھی جن میں کرکٹرشعیب اختر، انڈین اداکارہ ثناء خان، سعود اور جویریہ، اینکر وسیم بدامی، سیاست دان شرمیلا فاروقی سمیت بہت سے لوگ شامل تھے۔ جویریہ اور سعود شوبز انڈسٹری کی مشہور جوڑیوں میں سے ایک ہیں، دونوں نے بہت محنت اور لگن سے انڈسٹری میں اپنی جگہ بنائی ہے۔ جویریہ اور سعود نے 2006 میں "جے جے ایس پروڈکشنز" کے نام سے اپنا پروڈکشن ہاؤس بھی کھولا ہے۔ ان کی ایک بیٹی اور ایک بیٹا ہے۔
حال ہی میں، جویریہ اور سعود ندا یاسر کے شو میں آئے تھے جہاں وہ اپنے حج کے تجربے اور اس سے سیکھی ہوئی باتوں کو شئیر کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے تھے۔ آئیے آپکو بتاتے ہیں انھوں نے کیا کہا۔
جب ان سےحج کے تجربے سے متعلق سوال کیا گیا تو سعود نے بتایا کہ، "ایک سب سے خوبصورت چیز جس کا میں نے تجربہ کیا وہ یہ تھی کہ وہاں موجود ہر فرد ایک جیسا تھا، ان کے ساتھ یکساں سلوک کیا جاتا تھا، وہاں کسی کو بادشاہ یا خادم نہیں سمجھا جاتا تھا۔ میں طواف کے لیے جب مکہ مکرمہ گیا اور جس لمحے میں نے کعبہ کو دیکھا مجھے یقین نہیں آرہا تھا کہ میں واقعی کعبہ کے سامنے کھڑا ہوں۔"
سعود نے جذباتی ہوتے ہوئے مزید کہا کہ "مجھے یقین نہیں آرہا تھا کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں ان خوش نصیب لوگوں میں شمار کیا ہے جو اس سال حج کرنے کیلیئے چنے گئے، یہ وہ لمحہ تھا جب میں اپنے کیریئر کے بارے میں سب کچھ بھول گیا تھا، ایوارڈز، شوز، سب کچھ بس ایک چیز جو مجھے خوش کرتی تھی وہ یہ تھی کہ اس دنیا کے بادشاہ نے ہمیں اس مقدس مقام پر بلایا ہے اور ہم خوش قسمت ترین لوگ ہیں۔"
جویریہ سے جب سوال کیا تو انھوں نے اپنا تجربہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ، "جس چیز کا میں نے تجربہ کیا وہ یہ تھا کہ حج صرف ایک عبادت نہیں ہے بلکہ یہ بذات خود ایک جدوجہد ہے اور اس جدوجہد سے ہمیں جو اجر ملتا ہے وہ ناقابلِ بیاں ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ حج کرنے کے بعد ہمیں نئی زندگی ملی ہے اور اب یہ ہم پر منحصر کرتا ہے کہ ہم اس زندگی کو کیسے گزارتے ہیں۔"