امی مجھے پتہ ہے آپ کے پاس پیسے ہوں گے ۔ آپ نے ابو سے چھپا کر رکھے ہیں یہ وہ خیال ہے جو گھر کے اکثر افراد کے ذہنوں میں ہوتا ہےاور کچھ ایسا غلط بھی نہیں ہے خواتین کی فطرت میں برے دنوں کے لیۓ کچھ نہ کچھ بچا کر رکھنا ہوتا ہے ۔ مگر حالیہ دور میں مہنگائی کے اس طوفان نے نہ صرف گھر کے بجٹ کو بری طرح متاثر کیا ہے بلکہ خواتین کو بھی پریشان کر کے رکھ دیا ہے ۔ اور وہ اپنی وہ کمیٹیاں بھی ادا کرنے میں دشواری محسوس کر رہی ہیں جو انہوں نے سب سے چھپا کر برے وقت کے لیۓ ڈال رکھی تھیں
گھریلو بجٹ سے پیسے بچانے کے طریقے
عام طور پر گھریلو خواتین کو روز مرہ کے اخراجات کی ادائگی کے لیۓ ایک لگی بندھی رقم ملتی ہے سگھڑ عورت وہی ہوتی ہے جو ان پیسوں میں سے بھی کچھ نہ کچھ بچا کر برے وقت کے لیۓ رکھتی ہے ۔ جو کسی بھی مشکل گھڑی میں کسی کے سامنے ہاتھ پھیلانے سے بچا لیتے ہیں۔
آج ہم آپ کو اس مہنگائی میں بھی بچت کے حیرت انگیز طریقے بتائيں گۓ
1: بجٹ بنائيں
سب سے پہلے اپنے گھر کے بجٹ کو ترتیب دیں جتنے پیسے آپ کو ملتے ہیں کوشش یہ کریں کہ آپ کا ترتیب دیا ہوا بجٹ آپ کو ملنے والے پیسوں سے کم کا ہو۔ اگر مہنگائی کی وجہ سے اس میں مشکلات ہو تو اس کو اپنی ذہانت سے اس طرح ترتیب دیں کہ کچھ نہ کچھ بچا سکیں
2: مہنگی اشیا کا استعمال کم کریں
آج کل کے دنوں میں ویسے تو ہر چیز ہی پہلے سے مہنگی ہے مگر سبزيوں کی قیمت میں اکثر اتار چڑھاؤ دیکھنے کو ملتا ہے اس لیۓ کوشش کریں کہ گھر میں موسم کی سبزياں استعمال کریں جو اکثر سستی مل جاتی ہیں۔ ٹماٹر ، لہسن ادرک اور پیاز مٹر ساگ ایسی سبزیاں ہیں جو جب مارکیٹ میں سستی مل رہی ہوں ان کو زيادہ مقدار میں خرید کر ان کو اسٹور کر لیں ۔
اس طرح سے جب کبھی یہ مہنگی ہوں گی تو اس سے آپ کے بجٹ پر فرق نہ پڑے گا
3: اسنیکس گھر پر بنا کر رکھیں
اکثر خواتین کا بجٹ بچوں کی زبان کے چٹخارے پورے کرنے میں بری طرح اپ سیٹ ہو جاتا ہے۔ ان کو باہر سے منگوا کر فالتو پیسے اور بچوں کی صحت برباد کرنے کے بجاۓ مختلف اشیا گھر پر خود تیار کریں اس سے ایک جانب تو پیسے کی بڑی بچت ہو سکتی ہے اور دوسری جانب بچوں کی صحت بھی محفوظ رہ سکتی ہے
4: مہنگے برانڈ کے کپڑے خریدنے کے بجاۓ خود ڈیزائن کریں
اکثر خواتین کی یہ خواہش ہوتی ہے کہ وہ اور ان کے گھر والوں کا لباس خوبصورت ترین ہو اور اس کے لیۓ وہ مہنگے برانڈ خرید کر بجٹ کو تباہی سے دو چار کر دیتی ہیں ۔
اکثر جگہوں پر جیسے بچت بازاروں میں یا کچھ مخصوص دکانوں میں یہی برانڈ کے کپڑے کٹ پیس کی صورت میں انتہائی ارزاں قیمتوں میں دستیاب ہوتے ہیں ۔ تھوڑی محنت کرنے سے ان کپڑوں کو انتہائی دلکش انداز میں بنایا جا سکتا ہے جس سے ایک جانب تو آپ کی انفرادیت قائم رہتی ہے اور دوسری جانب جیب پر بار بھی نہیں آتا
5: ماسی کے بجاۓ خود کام کریں اور فٹ رہیں
اکثر خواتین گھر کے کاموں کے لیۓ ماسی کو لازم سمجھتی ہیں اور اس کے بعد کبھی موٹاپے اور کبھی کمر درد کے لیۓ جم جوائن کر لیتی ہیں ۔ اور اس پر رقم خرچ کر رہی ہوتی ہیں ۔
گھر کی صفائی وغیرہ خود کرنے کی عادت ڈالیں اور اس میں گھر کے دوسرے افراد کو بھی شریک کریں اس سے نہ صرف گھر کا ماحول بہتر ہو گا بلکہ آپ کے ماسی کے پیسے بھی بچیں گۓ
6: اپنی صلاحیتوں کو استعمال کریں
ہر وقت مہنگائی کا رونا اور کم پیسوں کی شکایت کرنے کے بجاۓ اس بات کا جائزہ لیں کہ گھر کی آمدنی میں اضافے کے لیۓ آپ کیا کر سکتی ہیں ۔ اکثر خواتین کھانے پکانے یا بیکنگ وغیرہ میں ماہر ہوتی ہیں اسی طرح کچھ خواتین سلائی کڑھائی میں مہارت رکھتی ہیں تو ایسی خواتین کو اپنی ان صلاحیتوں سے فائڈہ اٹھانا چاہیۓ اور فالتو وقت میں اپنے اس ہنر کو پیسے کمانے کے لیۓ استعمال کرنا چاہیۓ
یہ تمام طریقے ایسے ہیں جس کی مدد سے نہ صرف مہنگائی کے اس جن کو قابو کیا جا سکتا ہے بلکہ بچت بھی کی جا سکتی ہے