کیرالہ کے ملاپورم ضلع کی 11 خواتین کے ایک گروپ نے ریاستی حکومت کی مون سون بمپر لاٹری جیت لی ہے جس میں 10 کروڑ روپے کی انعامی رقم ہے۔
ہریتھا کرما سینا (گرین والینٹیئر فورس) کی کارکنان جو گھر گھر کچرا اٹھانے کا کام کرتی ہیں اور اس کے عوض انہیں روزانہ تقریباً 250 روپے ملتے ہیں۔ ان کا لاٹری ٹکٹ خریدنے کے بعد جیک پاٹ لگ گیا، جسے خواتین نے پیسے جمع کر کے 250 روپے میں خریدا تھا۔
جیتنے والی خواتین کا کہنا تھا کہ یہ چوتھی بار تھا جب گروپ بمپر لاٹری ٹکٹ خرید رہا تھا۔ انہوں نے پہلے 1000 روپے جیتے تھے۔
رادھا، جس نے اپنے ساتھیوں سے پیسے جمع کرنے کے بعد ٹکٹ خریدا، نے کہا "ہم نے پہلے بھی پیسے جمع کرکے لاٹری ٹکٹ خریدے ہیں، لیکن یہ پہلا موقع ہے جب ہم نے میگا پرائز جیتا ہے۔"
دیگر خواتین کا کہنا تھا کہ، ہم سب کو زندگی میں مشکلات کا سامنا ہے اور یہ رقم ہمارے مسائل کے حل کے لیے کسی حد تک راحت کا باعث ہوگی۔
رپورٹس کے مطابق، حکومتی ٹیکس ادا کرنے کے بعد ان 11خواتین کو مجموعی طور پر 6 کروڑ 30 لاکھ روپے ملیں گے۔جیک پاٹ جیتنے کے باوجود یہ خواتین ہمیشہ کی طرح اپنے کام پر گئیں، کیونکہ یہی انکی کمائی کا واحد ذریعہ ہے۔
انعامی رقم کا تقریباً 35 فیصد ایجنٹوں کے کمیشن اور ٹیکس کے طور پر کاٹا جائے گا۔