لاس اینجلس(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان کینسر کے خلاف قائم کردہ اسپتال شوکت خانم کی فنڈ ریزنگ کے لیے امریکا پہنچ گئیں۔ تفصیلات کے مطابق عمران خان کی ذاتی کاوشوں سے قائم کیے جانے والے شوکت خانم کے لیے دنیا بھر میں عطیات جمع ہونے کی تقریب کا انعقاد کیا جاتا ہے۔
پاکستانی ڈرامہ و فلم انڈسٹری کے علاوہ بالی ووڈ میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے والی اداکارہ ماہرہ خان نے گزشتہ روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنی تصاویر شیئر کیں۔
ماہرہ نے بتایا کہ وہ عمران خان کا دستخط شدہ بیٹ (بلا) لے کر لاس اینجلس پہنچیں جہاں وہ شوکت خانم کی فنڈ ریزنگ تقریب میں شرکت کریں گی۔پاکستانی اداکارہ نے بتایا کہ وہ بلے کی بولی بھی لگوائیں گی اور اس کے ذریعے حاصل ہونے والی رقم کو وہ شوکت خانم کے لیے عطیہ کریں گی۔
ماہرہ نے انسٹاگرام پوسٹ پر بیڈ کے ساتھ بنائی جانے والی تصویر پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’یہ کوئی معمولی بلا نہیں بلکہ اس پر وزیر اعظم عمران خان نے دستخط کیے جسے آج بولی کے لیے پیش کیا جائے گا‘۔ انہوں نے ساتھ میں یہ بھی لکھا کہ ازراہ کرم میرا موزانہ نہ کیجئے گا۔
یاد رہے کہ شوکت خانم اسپتال دنیا بھر میں مقیم بالخصوص پاکستانیوں کے تعاون سے چلتا ہے، وزارتِ عظمیٰ کا منصب سنبھالنے سے قبل عمران خان دنیا بھر میں فنڈریزنگ کرتے تھے۔