پاکستان کی باہمت بیٹی ملالہ یوسف زئی نے دنیا کی کم عمر ترین نوبل انعام یافتہ ہونے کے ساتھ ساتھ کئی اعزازات اپنے نام کیے ہیں تاہم اب انہیں ایک اور اعزاز حاصل ہوگیا ہے۔
سنگاپور کے نشریاتی ادارے ‘ایشین ایج’ کے تحت شائع ہونے والے جریدے ’’ایشین جیوگرافک میگزین‘‘ نے ملالہ یوسف زئی کو برصغیر کے 100 ذہین ترین افراد میں شامل کیا ہے۔
ایشیا کے 100 ذہین ترین افراد میں پاکستان سے صرف ایک شخصیت امن کا نوبل انعام جیتنے والی ملالہ یوسف زئی کو شامل کیا گیا ہے۔ فہرست میں بھارتی صحافی اور ناول نگار اروندھتی رائے، بزنس ٹائیکون اور امیر ترین شخص مکیش امبانی کا نام بھی شامل ہے۔
ایشیا کے 100 ذہین افراد کی فہرست میں تبت کے روحانی پیشوا دلائی لامہ سمیت چین کے صدر اور برما کی متنازع رہنما آنگ سانگ سوچی، ملائیشیا کے وزیر اعظم مہاتیر محمد سمیت ایشیا کے متعدد سیاستدانوں کا نام شامل ہے جبکہ چین، جاپان، تھائی لینڈ اور سنگاپور کی فیشن اور شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے افراد کو بھی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔