پاکستان میں بجلی کے بلوں میں ہولناک اضافے نے عوام کے ساتھ ساتھ فنکاروں کی بھی چیخیں نکلوادی ہیں، اداکارہ نادیہ خان، ندا یاسر، سعدیہ امام اور فضاء علی بلوں کے حوالے سے اہم انکشافات کئے ہیں۔
اداکارہ و میزبان نادیہ خان کا کہنا ہے کہ میرے گھر کا 75 ہزار روپے کا بل موصول ہوا حالانکہ وہ تو اس ماہ کام اور اسلام آباد میں اپنے والد سے ملنے کی وجہ سے وہ اپنے گھر موجود ہی نہیں تھیں۔
اداکارہ سعدیہ امام کا کہنا ہے کہ بجلی کا بل 67 ہزار روپے موصول ہوا جس کے بعد اُنہوں نے بڑھتے ہوئے اخراجات سے نمٹنے کے لیے اپنے گھر کو شمسی توانائی پر تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا مگر تبدیلی کے بعد بھی 19 ہزار روپے کا بل موصول ہوا۔
اداکارہ فضاء علی 67 ہزار روپے کا بل موصول ہونے پر حیران رہ گئیں، ان کا کہنا ہے کہ وہ زیادہ وقت اپنے گھر سے دور رہیں اور گھر پر زیادہ ایئرکنڈیشن بھی استعمال نہیں کیا، اس کے باوجود 67 ہزار کا بل سمجھ سے باہر ہے۔
اداکارہ و میزبان ندا یاسر کاکہنا ہے کہ ان کی پوری فیملی گھر سے دور چھٹیوں پر تھی، اس کے باوجود انہیں 1 لاکھ روپے کا بل موصول ہوا۔
یاد رہے کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے ان دنوں پورے ملک میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے، اس حوالے سے اطلاعات ہیں کہ حکومت 300 یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کو ریلیف دینے پر غور کررہی ہے جبکہ بجلی کی قیمتوں میں مزید اضافے کی بھی اطلاعات ہیں۔