نیکی کرنا بہت آسان کام ہے، اس کیلئے بہت زیادہ وسائل نہیں بلکہ ہمت اور عزم کی ضرورت ہوتی ہے جیسا کہ اس محنت کش نے کیا، وہاڑی کے موچی محمد ندیم نے سڑک پر پانی کی سبیل لگاکر شہریوں کے دل جیت لئے ہیں۔
ڈیلی پوائنٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے محمد ندیم نے بتایا کہ وہ گزشتہ 13 سال سے موچی کا کام کررہے ہیں، روزگار سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کوئی مستقل آمدن نہیں ہے، کام کے لحاظ سے کبھی زیادہ تو کبھی کم پیسے ملتے ہیں۔
حمد ندیم نے بتایا کہ مہنگائی کے دور میں 4 بچوں کےساتھ گزارہ بہت مشکل ہوتا ہے لیکن میری خواہش تھی پانی کی سبیل لگاؤں۔ اس کام کیلئے تقریباً ساڑھے 3 لاکھ کا خرچا آیا اور میں نے 3 سال پیسے جمع کرکے یہ سبیل لگائی، اس پر گرمی زیادہ خرچا تھا لیکن اب مہینے کا 8 سے 10 ہزار خرچ ہوتا ہے۔گرمیوں میں ایک سے ڈیڑھ بلاک برف استعمال ہوتا ہے ، اس لئے 40 سے 50 ہزار روپے خرچ ہوتے ہیں ۔
محمد ندیم نے بتایا کہ سبیل کیلئے ٹھیلا الگ الگ کاریگروں سے بنوائی۔ اس سبیل پر سردی میں یومیہ 5 لیٹر لیکن گرمیوں میں 2 ہزار لیٹرکے قریب پانی استعمال ہوتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ میری خواہش تھی کہ میں راہ گیروں کیلئے پانی کا انتظام کروں، اللہ نے مجھے توفیق دی اور میں نے سبیل لگادی، مستقبل میں اس سبیل کو مزید بڑھانے کی خواہش ہے۔