پاکستان کی معروف اداکارہ ریشم نے گزشتہ رمضان میں ایک ٹرانسمیشن میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنی ذاتی زندگی سے متعلق بات کرتے ہوئے بتایا کہ میں بن ماں باپ کی بچی تھی مجھے میری باجی نے ماں باپ سے بھی زیادہ لگاؤ سے پالا اور آج میں جو کچھ ہوں اپنی بہن کی وجہ سے ہوں۔ بچپن میں لوگ ماں باپ کو پکارتے میں نے اپنے بھائی بہن کو پکارا اور ان کی ہی بدولت آج میں اس مقام پر کھڑی ہوں۔
اداکارہ ریشم کے بھائی 2 سال قبل اس دنیا سے رخصت ہوچکے ہیں۔ ان کی وفات سے متعلق اپنے ایک پوسٹ میں اداکارہ نے لکھا کہ میں 2 مرتبہ یتیم ہوئی ہوں، پہلے ماں باپ اور پھر میرا بھائی ۔۔ اور ایک برس گزر گیا میرے بھائی تمہارے بغیر کہنے کو یہ وقت پر لگا کے اُڑا مگر کہیں اندر ہی اندر یہ وقت جس طرح رُکا ہوا ہے اس کا اندازہ صرف مجھے ہے۔۔۔ تمہارے ساتھ سب چلا گیا ایک بار پھر ماں باپ مرگئے۔۔ ایک بار پھر جیسے میں یتیم ہوگئی۔ ایک رشتہ ایک تعلق کب ختم ہوتا ہے؟؟؟ اس کے ساتھ جُڑی ہوئی ایک ایک بات بھی شاید دفن ہوجاتی ہے۔۔ ایک زندہ تصویر سے یادوں کے البم میں لگی ایک دھندلی سی تصویر بن گئے تم۔۔۔ جو یاد کرنے بیٹھوں تو بہت کچھ بھولنے بھی لگتی ہوں۔۔۔ تمہاری برسی۔۔۔ یہ سوچتی ہوں تو ہاتھ لرزنے لگتے ہیں دل پانی ہوجاتا ہے۔۔۔ لیکن جس کی امانت تم تھے تمہیں تو اسی کے پاس لوٹنا تھا۔۔۔ ہم سب کو اسی کے پاس لوٹنا ہے۔۔۔بس اسی مالک سے اسی رب سے التجا ہے کہ وہ تمہارے درجات بلند سے بلند تر فرمائے، آمین۔۔۔!