اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی موت سے بالی ووڈ میں ایک طوفان برپا ہوگیا تھا، اور ہر کوئی اس کی زد میں آتا چلا گیا تھا۔ لیکن ان سب میں جو سب سے زیادہ متاثر ہوئیں وہ تھی اداکارہ ریا چکربورتی، جو کہ سوشانت کی قریبی دوست تھیں اور دونوں کافی عرصے سے ساتھ رہ رہے تھے۔
سوشانت جون 2020 میں ممبئی میں واقع اپنے فلیٹ میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے۔ جس کے بعد ستمبر 2020 میں ریا چکربورتی کو نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے گرفتار کیا اور 28 دن زیرحراست رکھا۔
اب جبکہ اس حادثے کو تین سال سے اوپر کا عرصہ گزر چکا ہے تو ریا نے ایک تقریب میں پہلی بار، جیل میں گزارے اپنے 28 دنوں کا تجربہ شیئر کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ جیل میں گزرے یہ دن انتہائی مایوس کن تھے جس کی وجہ سے میری زندگی جہنم بن گئی تھی۔
ریا نے کہا کہ، جب آپ کو معاشرے سے الگ کرکے قید میں ڈال دیا جائے یا ایسا سمجھا جائے کہ آپ معاشرے کے لیے نا اہل ہیں، تو پھر آپ خود یا آپ کی شخصیت یا وہ چیزیں جو آپ نے تخلیق کی ہوتی ہیں وہ مکمل طور پر ٹوٹ جاتی ہیں۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ، میں انڈر ٹرائل جیل میں تھی، جس کا مطلب ہے کہ یہ سزا یافتہ جیل نہیں ہے، اور بدقسمتی سے، وہاں پر موجود تمام خواتین اب بھی بے قصور تھیں کیونکہ ان پر جرم ثابت نہیں ہوا تھا۔
ریا نے وہاں موجود قیدی خواتین کے حوالے سے باتے کرتے ہوئے کہا کہ، ان خواتین کو دیکھنے اور ان سے ملنے کے بعد ایک منفرد تجربہ حاصل ہوا، وہ معمولی باتوں پر بھی خوش ہوجاتی تھیں، ان میں ایک قسم کی محبت اور دوبارہ ابھرنے کا جذبہ موجود تھا۔