آج کل جہاں ملک میں بیروزگاری اور مہنگائی سے بیزار نوجوان باہر جانے کے لئے پر تول رہے ہیں وہیں باہر کی خواتین کا پاکستانی نوجوانوں سے شادی کرنے کے لئے ٹرینڈ بھی بڑھتا جارہا ہے۔ گزشتہ کچھ مہینوں سے بھارت سمیت دنیا کے مختلف ممالک سے خواتین شادی کے لئے نہ صرف پاکستان آئی ہیں بلکہ اسلام بھی قبول کیا ہے۔ اس بار سوات کے 23 سالہ نوجوان احمد شاہ سے شادی رچانے کے لئے 44 سالہ سوئیڈش خاتون تنیارت ینتاست بھی پاکستان آگئیں۔
سوات کے قامی میڈیا کے مطابق تنیارت ینتاست نے سوات کے علاقے چار باغ آلہ آباد آ کر پہلے اسلام قبول کیا اور پھر شرعی اور روایتی طریقے سے احمد شاہ سے نکاح کیا جس میں محلے کے افراد اور عزیز و اقارب بھی شریک ہوئے۔
محلے والوں کا کہنا ہے کہ اگرچہ دونوں کی عمروں میں کافی فرق ہے لیکن محبت میں عمروں کا فرق معنیٰ نہیں رکھتا اس کے علاوہ لڑکی نے شادی کر کے اچھا کام کیا ہے جس کا خیر مقدم کیا جانا چاہیے۔
سوشل میڈیا پر بھی یہ خبر تیزی سے مقبول ہورہی ہے اور لوگ سوئیڈن خاتون کو اسلام قبول کرنے پر مبارکباد پیش کررہے ہیں۔