شادی کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ ایک جوا ہوتا ہے جس میں ہار جیت دونوں کے امکانات موجود ہوتے ہیں ۔ مگر یہ وہ جوا ہوتا ہے جس کو ہارنے کے لیۓ کوئی نہیں کھیلتا ہے بلکہ ہر فرد کی یہی خواہش ہوتی ہے کہ وہ اس کو کامیاب بناۓ جس کے لیۓ قدیم دور سے کچھ ترکیبیں استعمال کی جاتی رہی ہیں
جیسے حق مہر بھاری لکھوانا ، زمین جائيداد لڑکی کے نام لکھوانا کے علاوہ ایک اور ترکیب وٹہ سٹے کی بھی ہوتی ہے
وٹہ سٹہ کی شادی کیا ہوتی ہے
.
وٹہ سٹہ کی شادی کا مطلب ہے کہ ایک ہی گھر کے لڑکے لڑکی کی شادی دوسرے گھر کے لڑکے لڑکی سے کر دی جاۓ یعنی اپنے بیٹے کے لیۓ اگر بیوی لائي جاے تو بدلے میں اپنی بیٹی بھی ان کے بیٹے کو دے دی جاۓ
وٹہ سٹہ کی شادی کے منفی اثرات
عام طور پر وٹے سٹے کی شادی کا رواج کئی علاقوں میں سختی سے رائج ہے جس کے معاشرے اور انفرادی لوگوں کی زندگی کو کیسے متاثر کر سکتے ہیں اس بارے میں آج ہم آپ کو بتائيں گے
1: شادی کم اور سودا زیادہ ہوتا ہے
وٹہ سٹہ کی شادی میں ہر چیز مقابلے کی زد میں ہوتی ہے جو کچھ بیٹی کو جہیز میں دیا جاتا ہے یہی امید رکھی جاتی ہے کہ بہو بھی اس سے زيادہ ہی لے کر آۓ گی اس کے ساتھ جہیز کے فرنیچر سے لے کر بارات کا جوڑا غرض ہر ہر شے میں مقابلے بازی کی جاتی ہے جو کہ ساری عمر ہی جاری رہتی ہے
2: بے جوڑ رشتوں کے امکانات
عام طور وٹہ سٹہ کی شادی میں ایک جوڑی مناسب تو دوسری جوڑی بے جوڑ ہوتی ہے مگر صرف اور صرف رشتہ کرنے کے خیال سے اور وٹہ سٹہ کرنے کے لیے بے جوڑ رشتہ بھی کر دیا جاتا ہے
مگر اس بے جوڑ کے رشتے کا اثر دونوں جوڑوں کی زندگی پر پڑتا ہے اور اگر ایک جوڑے کی ازدواجی زندگی تناؤ کا شکار ہوتی ہے تو دوسری جوڑی بھی اس سے متاثر ہوتی ہے
3: جھگڑا ایک گھر اور فساد دو گھروں میں
جس گھر میں برتن ہوتے ہیں وہ کھڑکتے بھی ہیں اسی طرح ایک گھر میں رہنے والے میاں بیوی بھی ایک دوسرے کے ساتھ کبھی نہ کبھی ٹکراؤ کا شکار ہوتے ہیں لیکن وٹہ سٹہ کی شادی میں یہ ایک نقصان ہوتا ہے کہ اگر جھگڑا ایک جوڑے میں ہوتا ہے تو گھر والے دوسرے جوڑے سےبھی یہی امید رکھتے ہیں کہ وہ بھی جھگڑا کریں گے اس وجہ سے جھگڑا اگر ایک گھر میں ہوتا ہے تو اس سے دوسرا گھر ضرور متاثر ہوتا ہے
4: ساری عمر کی پنچائت
اکثر لوگوں کو یہ محسوس ہوتا ہے کہ شادی کے شروع کے دنوں ہی میں وٹہ سٹہ کی شادیوں میں مسائل ہوتے ہیں وقت گزرنے کے ساتھ یہ ٹھیک ہو جاتی ہیں جب کہ حقیقت یہ ہوتی ہے کہ یہ شادیاں ساری عمر کی پنچائت ہوتی ہیں
جائیداد کے حصوں سے لے کر بچوں کے رشتوں تک میں اس شادی کی پیچیدگیاں مسائل کا سبب بنی رہتی ہیں جس کی وجہ سے یہ شادی ساری عمر کے لیۓ مصیبت بن جاتی ہے
یاد رکھیں ! شادی کوئی کاروبار یاسودا نہیں ہوتی ہے جو کہ اس ہاتھ دو اور اس ہاتھ لو کی بنیاد پر کی جاۓ اس وجہ سےایسے کسی بھی رشتے کو قائم کرنے سے پہلے اس بات کواچھی طرح سے سوچ سمجھ لیں کہ شرطوں پر رشتے قائم نہیں کیۓ جا سکتے اس وجہ سے بہتر ہے کہ اچھے طریقے سے مضبوط بنیاد پر یہ رشتے نیک نیتی سے قائم کیۓ جائيں