عورت پیار کے معاملے میں بہت خوش فہم ہوتی ہے اسے لگتا ہے جس سے وہ محبت کرتی ہے وہ کبھی اسے نقصان نہیں پہنچائے گا، اور یہی وجہ ہوتی ہے کہ سب سے زیادہ دھوکا عورت محبت میں ہی کھاتی ہے۔ ویسے ضروری نہیں ہے کہ ہر بار دھوکا مرد ہی دے بعض اوقات کچھ عورتیں بھی سچی محبت کا غلط فائدہ اٹھاتی ہیں۔
آج ہم آپ کو پیار، محبت، یقین اور پھر اسکے انجام کے، کچھ ایسے سچے واقعات بتانے جارہے ہیں، جسے جان کر آپ کو سوچنا چاہیے کہ کہیں آپ بھی محبت کے نام پر اپنی زندگی خطرے میں تو نہیں ڈال رہیں؟
شردھا واکر اور آفتاب:
شردھا واکر ایک 27 سالہ بھارتی خاتون تھی جسے اس کے 28 سالہ بوائے فرینڈ، آفتاب امین پونا والا نے 18 مئی 2022 کو دہلی میں قتل کر دیا تھا۔ یہ دونوں ایک ڈیٹنگ ایپ کے ذریعے ملے تھے اور پیار ہوگیا، جس کے بعد وہ مہینوں تک ساتھ رہے۔ آفتاب امین پونا والا نے اپنی محبت کو بری طرح مارنے کے بعد، اعتراف کیا کہ وہ شردھا کے علاوہ دوسری لڑکیوں کے ساتھ تعلقات پر انکا جھگڑا ہوا کرتا تھا، اور پھر رہنے کے اخراجات کو لے کر، جس کی وجہ سے اس نے مبینہ طور پر اس سے بدسلوکی کی، اور اسے روکنے کے لیے اس نے اسے قتل کر دیا۔
نِکی یادیو اور ساحل گہلوٹ:
ایک اور شردھا واکر جیسی ناکام محبت کی داستان نے دہلی کو ہلا کر رکھ دیا، جب ایک شخص کو نجف گڑھ کے متراون گاؤں کے مضافات میں واقع اس کے ڈھابے میں، اپنی گرل فرینڈ کو مبینہ طور پر قتل کرنے اور اس کی لاش کو فریج میں بھرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔ یہ جوڑا ایک کرائے کے گھر میں ساتھ رہتا تھا، جب نکی کو ساحل کی شادی ہونے کا معلوم چلا تو دونوں کے بیچ جھگڑا ہوا جس کے بعد لڑکے نے ڈیٹا کیبل سے لڑکی کا گلا دبا دیا:
میگھا دان اور ہاردک شاہ:
ابھی دہلی کے نجف گڑھ کا کیس چل ہی رہا تھا کہ، اسی طرح کا ایک ور واقعہ مہاراشٹر میں سامنے آیا ہے۔ جہاں ایک شخص نے مبینہ طور پر اپنے ساتھی کو قتل کر کے اس کی لاش کو بستر کے خانے میں چھپا دیا۔ پولیس نے منگل کے روز ایک 27 سالہ شخص (ہاردک) کو نالاسوپارہ میں اس کی رہائش گاہ پر اپنی 35 سالہ ساتھی (میگھا) کو مبینہ طور پر قتل کرنے کے الزام میں گرفتار کیا۔ ملزم بے روزگار تھا اور جوڑے میں اکثر جھگڑا رہتا تھا۔ ایسے ہی ایک جھگڑے کے دوران غصے میں ہاردک نے اپنی محبت کو بے رحمی سے مار دیا۔
نور مقدم اور سارہ انعام:
پاکستان میں بھی اس طرح کے واقعات ماضی میں گزر چکے ہیں جس میں نور مقدم اور سارہ انعام کا کیس کافی سرخیوں میں رہا تھا۔ نور کو جہاں انکے دوست نے مارا تھا وہیں سارہ کی جان ان کے شوہر نے لی تھی۔