تیرے بن ایک بلاک بسٹر پاکستانی ڈرامہ ہے جو جیو ٹی وی پر نشر ہوتا ہے۔ ڈرامہ پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش، نیپال، مشرق وسطیٰ کے ممالک اور سعودی عرب میں مقبول ہو رہا ہے اور مداح اکثر ڈرامے کے سین شئیر کرتے رہتے ہیں۔ ڈرامے کی ایک حالیہ وائرل ویڈیو نے دھوم مچا رکھی ہیں جس میں وہاج علی نے یمنیٰ زیدی کا ہاتھ چھوڑ دیا اور وہ تالاب میں گر گئیں۔ یہ منظر تیرے بن کے آج کی قسط میں نشر کیا جائے گا۔
تیرے بن کے سوئمنگ پول کے وائرل ہونے والے سین کے بارے میں بات کرتے ہوئے یمنیٰ زیدی نے کہا کہ، "وہاج میرا ہاتھ نہیں چھوڑ رہا تھا کیونکہ ظاہر ہے کہ یہ ایک خطرناک سین تھا لیکن سب کچھ پرفیکٹ اور تکنیکی طور پر سیٹ تھا۔ اس لیے ہدایت کار اور وہاج یہ توقع کر رہے تھے کہ شاید میں اس سین کو نہیں کروں گی کیونکہ بطور اداکار مجھے کچھ کام کرنے میں بہت زیادہ تحفظات ہیں، اس لیے وہ مجھ سے بار بار پوچھ رہے تھے کہ میں یہ کروں گی یا نہیں؟ میں یہ بھی سوچ رہی تھی کہ پاکستانی ڈراموں کی تاریخ میں ایسا سین شوٹ نہیں ہوا ہے اور میں پاکستانی ناظرین کی خاطر ایسا کرنے میں دلچسپی رکھتی تھی، تا کہ ان کو دیکھ کر اچھا لگے۔ یہ حقیقت میں فلمایا گیا سین تھا اور اس وقت میرا دل بھی ڈوب رہا تھا کیونکہ ایسے مناظر آپ کو زخمی بھی کر سکتے ہیں۔"
شائقین یمنیٰ زیدی کے اس طرح کے سین کو پیش کرنے کے جرات مندانہ قدم کو پسند کر رہے ہیں۔ سامعین کہہ رہے ہیں کہ اس منظر نے انہیں دیکھنے کا تجسس پیدا کر دیا ہے اور وہ اس منظر کی جھلک دیکھنے کے لیے آج کی قسط کا انتظار کر رہے ہیں۔