کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 5 میں ایک رہائشی عمارت سے مردہ حالت میں ملنے والی لڑکی کے والد نے بیٹی کے قتل کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ کے مطابق متوفیہ کا ابتدائی پوسٹ مارٹم مکمل کر لیا گیا ہے اور کیمیائی تجزیے و ڈی این اے کے لیے جسم کے نمونے حاصل کر لیے گئے ہیں۔ ابتدائی طور پر معلوم ہوا ہے کہ خاتون کی موت گلا دبنے کے باعث ہوئی۔
ایس ایس پی ساوتھ مہروز علی نے بتایا کہ زینب اپنے شوہر کی خالہ کے گھر عارضی طور پر مقیم تھی۔ والد کے مطابق گزشتہ شام لڑکی چھت پر گئی تھی لیکن کافی دیر تک واپس نہیں آئی۔ بعد میں معلوم ہوا کہ کسی نے گلا گھونٹ کر اسے بے ہوشی کی حالت میں چھوڑ دیا۔
پولیس نے والد کی مدعیت میں درخشاں تھانے میں مقدمہ درج کر لیا ہے۔ دوران تفتیش مشکوک شخص کو حراست میں لیا گیا ہے اور مزید مشکوک افراد کی شمولیت پر تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس کے مطابق لڑکی کا تعلق سیالکوٹ سے ہے اور اس کی ایک ماہ قبل شادی ہوئی تھی اور شادی کے بعد لڑکی اپنے شوہر کی خالہ کے گھر رہائش پذیر تھی جبکہ واقعے کے وقت شوہر گھر پر موجود نہیں تھا۔
ایس ایس پی کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے بعد ہی یہ واضح ہوگا کہ واقعہ خودکشی ہے یا قتل، شوہر اور خالہ کے بیانات بھی ریکارڈ کر لیے گئے ہیں۔