راولپنڈی کے علاقے سکسٹھ روڈ پر موٹر سائیکل سوار دو نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پی ٹی آئی رہنما اور یوسی کرہکی کے چیئرمین زرخان شدید زخمی ہوگئے۔ فائرنگ کی زد میں آکر ایک راہگیر بھی زخمی ہوا۔
عینی شاہدین کے مطابق حملہ آور موقع واردات پر متعدد فائر کرنے کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ واقعے کے فوراً بعد زخمیوں کو ہولی فیملی اسپتال منتقل کیا گیا، تین گولیاں لگنے کے باعث زرخان کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی تھانہ نیو ٹاؤن پولیس موقع پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کر کے تفتیش کا آغاز کردیا۔ پولیس کے مطابق زرخان نے ہوش میں آنے پر ابتدائی بیان ریکارڈ کرا دیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ ٹارگٹڈ فائرنگ کا نتیجہ ہے، حملہ آوروں کی تعداد 2 بتائی جارہی ہے۔ ملزمان کی تلاش کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے۔