ایف آئی اے امیگریشن نے اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے جعلی ریزیڈنٹ کارڈ کے ذریعے یورپ جانے کی کوشش ناکام بنا دی۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق جنت گل نیازی نامی مسافر، جو فلائٹ نمبر PK-749 کے ذریعے فرانس روانہ ہونا چاہتا تھا، امیگریشن کاؤنٹر پر پکڑا گیا۔مسافر کا تعلق افغانستان سے ہے اور وہ یونان کے جعلی ریزیڈنٹ کارڈ کی بنیاد پر فرانس جانے کی کوشش کر رہا تھا۔
امیگریشن حکام نے دستاویزات کی جانچ پڑتال کے دوران کارڈ کو جعلی قرار دیا، جس کے بعد مسافر کو آف لوڈ کرکے حراست میں لے لیا گیا۔
ملزم کو مزید قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد کے حوالے کردیا گیا ہے، ایف آئی اے کے مطابق معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔