ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس کی بکتر بند گاڑی پر ریموٹ کنٹرول بم حملے میں دو اہلکار شہید ہوگئے، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
ڈی پی او سجاد احمد کے مطابق ڈی آئی خان میں ہتھالہ گلوٹی روڈ پر گاؤں ملنگ کے قریب دہشت گردوں نے پولیس کی بکتر بند گاڑی کو ریموٹ کنٹرول بم سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار شہید اور 4 زخمی ہوگئے۔
شہید اہلکاروں میں ڈرائیور محمد رمضان اور کانسٹیبل سیف الرحمان شامل ہیں۔ ڈی پی او کے مطابق زخمی اہلکاروں میں حوالدار شاہد، کانسٹیبل محبوب عالم، آصف اور کفایت شامل ہیں جنہیں فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے ڈی آئی خان میں پولیس گاڑی پر بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے آئی جی پولیس خیبر پختونخوا سے واقعے کی فوری رپورٹ طلب کرلی۔