بنوں میں فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں نے رات گئے بنوں کے تھانہ غوریوالہ اور تھانہ وزیر پر حملے کیے جس پر پولیس نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کو پسپائی پر مجبور کردیا۔
تھانہ غوریوالہ پر رات پونے 12 بجے دو اطراف سے دہشت گرد حملہ آور ہوئے اور 10 منٹ کی دوطرفہ فائرنگ کے بعد بھاگنے پر مجبور ہوگئے جبکہ تھانہ وزیر پر بھی رات کے پچھلے پہر ملحقہ پہاڑوں سے ہلکے اور بھاری ہتھیاروں سے فائرنگ کی گئی جو 25 منٹ تک جاری رہی جبکہ جوابی کارروائی سے حملہ آور فرار ہوگئے۔ دونوں حملوں میں پولیس اہلکار اور انفراسٹرکچر مکمل طور پر محفوظ رہے۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے دونوں حملے کامیابی سے پسپا کرنے پر پولیس اہلکاروں کی جانفشانی اور دلیری کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دشمن کے مذموم مقاصد کی راہ میں حائل خیبر پختونخوا پولیس کے غیور جوانوں کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ مٹھی بھر دہشتگردوں کو عوام پر مسلط نہیں ہونے دیں گے اور ان کا خاتمہ کر کے دم لیں گے۔
ڈی آئی جی بنوں ریجن سجاد خان نے کہا کہ بنوں ریجن پولیس ہر قسم کی دہشت گردی کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس فورس کی پیشہ ورانہ مہارت، مستعدی اور جرات نے ایک بار پھر ثابت کردیا کہ دہشت گردی کے خاتمے تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔ انہوں نے تمام اہلکاروں کی بروقت اور مؤثر کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بنوں پولیس ہمہ وقت الرٹ اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر محاذ پر سینہ سپر ہے۔