راولپنڈی میں جرگے کے دوران فائرنگ سے دو بھائی جاں بحق

image

راولپنڈی تھانہ سول لائنز کے علاقے جھنڈا چیچی میں جرگے کے دوران معمولی تلخ کلامی پر فائرنگ کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں دو سگے بھائی جاں بحق ہوگئے۔

پولیس اور مقامی ذرائع کے مطابق، علاقے میں سابقہ دشمنی کے تصفیے کیلیے جرگہ جاری تھا کہ اس دوران ملزم متال نے اچانک طیش میں آکر دونوں بھائیوں پر فائرنگ کردی۔ گولیاں لگنے کے باعث دونوں بھائی موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

پولیس کے مطابق مقتولین کی شناخت محمد فرقان اور احتشام کے ناموں سے ہوئی ہے۔ لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق فائرنگ کرنے والا ملزم متال لیڈی کانسٹیبل کا بیٹا ہے، جو واردات کے بعد موقع سے فرار ہوگیا۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کرلیے ہیں جبکہ ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

پولیس کے مطابق واقعہ بظاہر معمولی تلخ کلامی اور پرانی رنجش کا نتیجہ ہے، تاہم واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔ علاقے میں افسوسناک واقعے کے بعد خوف و ہراس پھیل گیا ہے جبکہ مقامی لوگوں نے دونوں بھائیوں کے قتل پر شدید دکھ اور غم کا اظہار کیا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US