اینٹی کرپشن بلوچستان نے لیویز فورس میں جعلی اور غیر قانونی ترقیوں کے انکشاف پر کارروائی کرتے ہوئے 4 ملزمان کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا ہے۔
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان میں سابق سیکشن آفیسر جمشید گل، جونیئر کلرک سید عابد شاہ، رسالدار محمد طاہر اور قائم مقام پرائیویٹ سیکریٹری سلیم لاشاری شامل ہیں۔
ترجمان اینٹی کرپشن نے بتایا کہ ضلع ژوب میں 20 لیویز اہلکاروں کو جعلی ترقی احکامات کے ذریعے حوالدار کے عہدے پر ترقی دی گئی تھی، جب کہ ضلع کچھی کے 6 اہلکاروں کی غیر قانونی ترقیوں کی بھی تصدیق ہوگئی ہے۔ اسی طرح قلعہ سیف اللہ میں رسالدار سے رسالدار میجر تک ہونے والی ترقیات کو بھی مکمل طور پر جعلی قرار دیا گیا ہے۔
محکمہ داخلہ بلوچستان اور ڈائریکٹوریٹ جنرل لیویز فورس نے تمام ترقیاتی احکامات کو باضابطہ طور پر بوگس اور جعلی قرار دے دیا ہے۔ اینٹی کرپشن کے مطابق جعل سازی میں رسالدار عبد اللہ خان، رسالدار غلام مرتضیٰ، رسالدار سید طارق شاہ اور محمد عارف بھی ملوث پائے گئے ہیں، جن کی گرفتاری کے لیے مزید چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ ملزمان نے ملی بھگت سے جعلی دستاویزات تیار کرکے ترقی کے احکامات جاری کیے، جس سے سرکاری نظام کو نقصان پہنچا۔ ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن بلوچستان نصیب اللہ کاکڑ نے کہا ہے کہ صوبے میں بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں اور سرکاری اداروں میں کرپشن میں ملوث عناصر کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں گے۔