وزیر خزانہ سے ٹرانسیون ہولڈنگز کے چیئرمین کی ملاقات، پاکستان میں مزید سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال

image

وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب سے چین کے کثیر ارب ڈالر کے کاروباری گروپ ٹرانسیون ہولڈنگز کے بانی و چیئرمین جارج ژو نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی، جس میں پاکستان میں کمپنی کے جاری آپریشنز، مستقبل کی سرمایہ کاری، مقامی مینوفیکچرنگ کے فروغ اور برآمدات بڑھانے کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران ٹرانسیون ہولڈنگز کی جانب سے پاکستان میں جاری کاروباری سرگرمیوں پر بریفنگ دی گئی۔ کمپنی کے مطابق پاکستان میں اس کی موجودگی اسمارٹ فونز، الیکٹرک بائیکس اور انرجی اسٹوریج سمیت مختلف شعبوں میں ہے، جبکہ مستقبل میں سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کو مزید وسعت دینے کے منصوبے بھی زیر غور ہیں۔

فریقین نے مقامی مینوفیکچرنگ کو مضبوط بنانے، لوکلائزیشن میں اضافے اور سپورٹنگ انڈسٹریز و مقامی سپلائی چینز کے قیام کے ذریعے وسیع صنعتی ایکو سسٹم تشکیل دینے پر گفتگو کی۔ کمپنی نے اسمبلی سے آگے بڑھ کر ویلیو ایڈیشن اور مختلف پرزہ جات کی مقامی سطح پر تیاری کے امکانات سے بھی آگاہ کیا۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان میں پائیدار معاشی استحکام سرمایہ کاروں کے اعتماد اور طویل مدتی کاروباری منصوبہ بندی کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے حکومت کے اصلاحاتی عمل کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے برآمدات پر مبنی ترقی، ویلیو ایڈیشن میں اضافے اور عالمی سپلائی چینز سے پاکستان کے بہتر انضمام کی اہمیت پر زور دیا۔

ملاقات میں پاکستان کو مینوفیکچرنگ اور برآمدات کے علاقائی مرکز کے طور پر ترقی دینے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ٹرانسیون ہولڈنگز کے نمائندگان نے پاکستان کو ایک اہم اسٹریٹجک مارکیٹ قرار دیتے ہوئے اس کی بڑی صارف مارکیٹ، جغرافیائی محل وقوع اور کاروباری ماحول کو کمپنی کے طویل مدتی منصوبوں کے لیے اہم عوامل قرار دیا۔

وزیر خزانہ نے ٹرانسیون ہولڈنگز اور متعلقہ حکومتی اداروں کے درمیان مسلسل رابطے پر زور دیتے ہوئے پاکستان میں مزید سرمایہ کاری اور کاروباری توسیع کے مواقع تلاش کرنے کی حوصلہ افزائی کی۔ دونوں جانب سے باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور پاکستان کو برآمدی مرکز کے طور پر ترقی دینے میں دلچسپی کا اظہار کیا گیا۔

ملاقات میں ٹرانسیون کے پاکستان ہیڈ جو ہو، بورڈ ممبر عارف چوہدری، ہیڈ آف مینوفیکچرنگ زکری ژو، جنرل منیجر مینوفیکچرنگ سینٹر ایسن ژو، ٹیکنو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عامر علاؤالدین، ڈائریکٹر آصف علاؤالدین اور ڈائریکٹر عبداللہ علاؤالدین بھی شریک تھے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US