عالمی کرپٹو کرنسی مارکیٹ میں شدید مندی کے باعث بٹ کوائن کی قدر رواں برس 20 اگست کے بعد پہلی مرتبہ 70 ہزار ڈالر کی نفسیاتی حد سے نیچے گر گئی ہے۔
روسی خبر رساں ایجنسی تاس نے کرپٹو ایکسچینج بائی نینس کے اعداد و شمار کے حوالے سے بتایا کہ ماسکو کے مقامی وقت کے مطابق صبح 5 بج کر 52 منٹ پر بٹ کوائن کی قیمت میں 2.18 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی اور یہ 69,900 ڈالر پر آ گیا، جبکہ صبح 6 بج کر 9 منٹ پر اس کی قدر مزید گر کر 66,910 ڈالر کی سطح پر پہنچ گئی۔ اسی دوران ایتھریم کی قدر میں بھی 1.8 فیصد کمی واقع ہوئی جس کے بعد وہ 1,983.44 ڈالر پر ٹریڈ کرتا رہا۔
ڈیٹا پلیٹ فارم کوئن گلاس کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران دنیا بھر کے کرپٹو ایکسچینجز پر 1 لاکھ 25 ہزار 760 ٹریڈرز کی مجموعی طور پر 901.89 ملین ڈالر مالیت کی پوزیشنز لیکویڈیٹ ہو گئیں، جن میں تقریباً 772 ملین ڈالر لانگ پوزیشنز اور 129.8 ملین ڈالر شارٹ پوزیشنز شامل تھیں۔
اس عمل میں سب سے زیادہ 317.88 ملین ڈالر کی لیکویڈیشنز ہائپر لیکویڈ ایکسچینج پر ہوئیں، جہاں BTCUSDT جوڑے میں 31.09 ملین ڈالر کا سب سے بڑا سنگل آرڈر بھی لیکویڈیٹ ہوا۔
کوائن مارکیٹ کیپ کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق مجموعی کرپٹو مارکیٹ کی مالیت 2.36 ٹریلین ڈالر ریکارڈ کی گئی ہے، جس میں بٹ کوائن کا حصہ 1.41 ٹریلین ڈالر اور ایتھریم کا حصہ 243.26 بلین ڈالر ہے۔