پاکستان میں سرمایہ کاری کی نئی لہر، سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہونے لگا

image

مشیر وزیر خزانہ خرم شہزاد نے کہا ہے کہ معاشی استحکام نے پاکستان کو سرمایہ کاری کے لیے مزید پُرکشش بنا دیا ہے، اور ایس آئی ایف سی کی کاوشوں سے ملک میں سرمایہ کاری کے مواقع روشن ہوگئے ہیں۔

خرم شہزاد نے بتایا کہ او آئی سی سی کے حالیہ سروے کے مطابق پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری پر اعتماد 61 فیصد سے بڑھ کر 73 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیسلے نے پاکستان میں 60 ملین ڈالر اضافی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے، جبکہ آذربائیجان کی سرکاری توانائی کمپنی فروری میں اپنی سرمایہ کاری کو حتمی شکل دے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 15 سے 18 ماہ میں 20 غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان پہنچے اور صنعتی سرگرمیوں میں نمایاں بہتری دیکھی گئی۔ آرامکو، وافی، ابوظہبی پورٹس، ترکش پیٹرولیم اور نووا منرلز کمپنی نے بھی پاکستان میں سرمایہ کاری کی۔

خرم شہزاد نے بتایا کہ جولائی سے نومبر کے درمیان لارج اسکیل مینوفیکچرنگ میں 6 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ مالی سال 2026ء کے پہلے 6 ماہ میں گاڑیوں کی فروخت میں 32 فیصد اضافہ ہوا۔

انہوں نے سرمایہ کاری کے بڑھتے رجحان کو ملکی معیشت کے لیے خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ سرمایہ کاروں کا اعتماد مزید مضبوط ہو رہا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US