رواں مالی سال کے ابتدائی پانچ ماہ (جولائی تا نومبر 2025) کے دوران پاور سیکٹر کے گردشی قرضے میں 223 ارب روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد بجلی کے شعبے کا سرکلر ڈیٹ بڑھ کر 1837 ارب روپے تک پہنچ گیا۔ جون 2025 میں گردشی قرضے کا حجم 1614 ارب روپے تھا۔
ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے پاور سیکٹر کا گردشی قرضہ 1225 ارب روپے کم کرنے کے لیے کیے گئے معاہدوں کے باوجود سرکلر ڈیٹ میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ ستمبر 2025 میں وفاقی حکومت اور 18 کمرشل بینکوں کے درمیان گردشی قرضے میں کمی کے معاہدوں پر دستخط کیے گئے تھے، تاہم اس کے بعد اکتوبر اور نومبر 2025 کے دوران سرکلر ڈیٹ میں مزید 144 ارب روپے کا اضافہ ہوا۔
اعداد و شمار کے مطابق ستمبر 2025 میں پاور سیکٹر کا گردشی قرضہ 1693 ارب روپے تھا جو نومبر 2025 تک بڑھ کر 1837 ارب روپے ہو گیا۔ اس طرح مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں جون 2025 کے مقابلے میں 223 ارب روپے کا اضافہ سامنے آیا ہے۔
تاہم سالانہ بنیادوں پر دیکھا جائے تو نومبر 2024 کے مقابلے میں نومبر 2025 تک گردشی قرضے میں 544 ارب روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ نومبر 2024 میں پاور سیکٹر کا سرکلر ڈیٹ 2381 ارب روپے تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گردشی قرضے میں کمی کے لیے کیے گئے اقدامات کے باوجود بجلی کے شعبے میں مالی دباؤ بدستور برقرار ہے جو توانائی کے شعبے کے لیے ایک بڑا چیلنج بنا ہوا ہے۔