پاکستان میں غیر ملکی مصنوعات پر انحصار بڑھ گیا، درآمدات میں اضافہ

image

پاکستان میں غیر ملکی مصنوعات کی درآمد میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس سے ملکی معیشت پر دباؤ بڑھ رہا ہے۔

تازہ رپورٹ کے مطابق پاکستان نے گزشتہ 6 ماہ میں دیگر ممالک سے مجموعی طور پر ساڑھے 34 ارب ڈالر کا سامان درآمد کیا، جبکہ اسی دوران صرف 15 ارب ڈالر کی مصنوعات برآمد کی گئیں۔

رپورٹ کے مطابق جولائی تا دسمبر کے دوران 4 ارب 63 کروڑ ڈالر کی خوراک درآمد کی گئی، جس میں چینی، دودھ، مکھن، کریم، خشک میوے، چائے، مصالحے، سویا اور پام آئل شامل ہیں۔ صرف درآمدی چائے کی مالیت تقریباً 90 ارب روپے رہی۔

اس دوران لگ بھگ ایک ارب ڈالر کے اسمارٹ فونز بھی درآمد کیے گئے، جن کی مقامی کرنسی میں مالیت 271 ارب روپے بنتی ہے، جبکہ موبائل فون سے متعلق دیگر سامان کی درآمد پر 35 کروڑ ڈالر یعنی تقریباً 100 ارب روپے خرچ ہوئے۔

رپورٹ کے مطابق ٹیکسٹائل اور دیگر مشینری کی درآمد میں 16 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور اس کا حجم 5 ارب ڈالر تک پہنچ گیا۔ اسی طرح، درآمدی گاڑیوں اور دیگر ٹرانسپورٹ کے سامان پر تقریباً 2 ارب ڈالر خرچ ہوئے، جس میں کاریں، بسیں، ٹرک، پرزہ جات، جہاز اور کشتیاں شامل ہیں۔

پیٹرولیم مصنوعات کی درآمد میں بھی اضافہ دیکھا گیا اور گزشتہ 6 ماہ میں اس کا بل 8 ارب ڈالر تک پہنچ گیا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ غیر ملکی مصنوعات پر بڑھتا انحصار ملکی معیشت کے لیے خطرہ ہے اور درآمدات کے توازن کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کی ضرورت ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US