حکومت سندھ نے آٹے کی فی کلو قیمت میں 8 روپے کا اضافہ کر دیا ہے جس کے بعد آٹے کی ریٹیل قیمت 107 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے جبکہ 10 کلو آٹے کا تھیلا 1070 روپے میں فروخت ہوگا۔
کمشنر کراچی نے آٹے کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے جس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق 10 کلو آٹے کا تھیلا 80 روپے مہنگا کر دیا گیا ہے۔ آٹے کی ایکس مل قیمت 104 روپے فی کلو اور 10 کلو کا تھیلا 1040 روپے ہوگا۔
دسمبر 2025 میں کمشنر کراچی نے آٹے کی قیمت 99 روپے فی کلو مقرر کی تھی تاہم انتظامیہ شہر میں آٹے کو سرکاری قیمت پر فروخت کرانے میں ناکام رہی۔ موجودہ صورتحال میں ریٹیل دکانوں پر عوام کو سرکاری ریٹ پر آٹا کہیں دستیاب نہیں، بلکہ 1 کلو آٹا 125 روپے اور 10 کلو کا تھیلا 1250 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے۔ کراچی میں چکی کے آٹے کی قیمت 140 روپے فی کلو تک پہنچ چکی ہے۔