پاکستان اور ترکیہ کے درمیان چاول کی تجارت کے فروغ پر اتفاق

image

پاکستان اور ترکیہ نے دوطرفہ تجارتی تعاون کو فروغ دینے اور بالخصوص پاکستان سے ترکیہ کو چاول کی برآمدات بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔

یہ اتفاق رائے وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور پاکستان میں تعینات ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر عرفان نذیر اوغلو کے درمیان ہونے والی ملاقات میں سامنے آیا، جو وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی ہدایات پر منعقد ہوئی۔ ملاقات میں زرعی برآمدات خصوصاً چاول کو عالمی منڈی میں مسابقتی بنانے پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

وفاقی وزیر تجارت نے بتایا کہ رواں سیزن میں پاکستان میں چاول کی بہترین پیداوار ہوئی ہے، جس کے باعث اعلیٰ معیار کے ساتھ وافر برآمدی سرپلس دستیاب ہے۔ تاہم بھارت اور ویتنام جیسے ممالک کی جارحانہ قیمتوں کے باعث عالمی منڈی میں دباؤ موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے برآمد کنندگان سے مشاورت کے بعد قیمتوں میں معاونت کا طریقۂ کار تیار کیا ہے تاکہ پاکستان عالمی منڈی میں مسابقت برقرار رکھ سکے۔

جام کمال خان نے واضح کیا کہ پاکستان ترکیہ کو باسمتی اور نان باسمتی دونوں اقسام کے چاول بین الاقوامی مسابقتی نرخوں پر فراہم کرنے کے لیے تیار ہے اور ترکیہ سے خصوصی بنیادوں پر درآمدی حجم بڑھانے کی درخواست کی۔ انہوں نے زور دیا کہ حکومت کا ہدف قیمتوں کے بجائے برآمدی حجم میں اضافہ ہے تاکہ کسانوں کی آمدن محفوظ رہے۔

ملاقات میں حکومت سے حکومت (G2G) تجارتی چینلز کو فعال کرنے، ٹیرف ریٹ کوٹاز (TRQs)، درآمدی لائسنسنگ، اور باسمتی چاول پر صفر یا کم ٹیرف کے امکانات پر بھی بات چیت کی گئی۔ وفاقی وزیر نے پاکستان–ترکیہ ترجیحی تجارتی معاہدے (PTA) کے تحت 18 ہزار میٹرک ٹن کے TRQ میں اضافے اور اس کے مؤثر استعمال پر زور دیا۔

ترکیہ کے سفیر نے پاکستان کی تجاویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ مضبوط سیاسی تعلقات کے باوجود دوطرفہ تجارتی حجم اپنی اصل صلاحیت سے کم ہے، جسے بڑھانے کی ضرورت ہے۔

دونوں ممالک نے تجارتی وفود، نمائشوں اور بزنس ٹو بزنس روابط بڑھانے پر اتفاق کیا، جبکہ آئندہ ہفتوں میں تکنیکی وفود کے تبادلے کے ذریعے چاول کی تجارت، PTA میں توسیع، زراعت، فوڈ پروسیسنگ اور ویلیو ایڈڈ مصنوعات میں تعاون کو آگے بڑھانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US