ٹیکسٹائل سیکٹر کے مسائل کے حل کیلیے حکومتی عزم کا اعادہ

image

وفاقی وزیرِ خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ٹیکسٹائل انڈسٹری پاکستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور حکومت اس شعبے کو درپیش چیلنجز کے حل کیلیے مسلسل رابطے میں رہے گی۔

یہ بات انہوں نے آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما) کے وفد سے وزارتِ خزانہ میں ہونے والی ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں وفاقی وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک بھی موجود تھے۔

وفاقی وزراء نے اس موقع پر کہا کہ حکومت کاروباری طبقے کیلیے منصفانہ، شفاف اور قابلِ پیش گوئی پالیسی ماحول کی فراہمی کیلیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ برآمدات، روزگار اور صنعتی سرگرمیوں میں ٹیکسٹائل سیکٹر کا کردار کلیدی ہے، جس کے استحکام کیلیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

وزیرِ خزانہ نے وفد کی جانب سے اٹھائے گئے تحفظات کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ برآمدی صنعتوں کیلیے لاگتِ کاروبار کم کرنے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ توانائی کی قیمتوں اور دستیابی سے متعلق مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر دیکھا جا رہا ہے اور اس حوالے سے متعلقہ وزارتوں اور اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت جاری ہے۔

ملاقات میں بعض صنعتی علاقوں کو درپیش آپریشنل اور سپلائی سائیڈ مسائل پر بھی گفتگو ہوئی، جس پر وزراء نے یقین دہانی کرائی کہ متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطے کے ذریعے صنعتی سرگرمیوں کے تسلسل کو یقینی بنایا جائے گا۔

اپٹما وفد نے ٹیکسٹائل سیکٹر کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ عالمی منڈی میں سخت مقابلے اور بڑھتی لاگت کے باعث برآمد کنندگان کو مشکلات کا سامنا ہے۔ وفد نے توانائی لاگت، ٹیکسز اور ریگولیٹری مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے پالیسی تسلسل اور حکومتی تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔

ملاقات میں پاور ڈویژن کے سیکریٹری اور وزارتِ خزانہ و محصولات کے سینئر حکام بھی شریک تھے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US