پی آئی اے نجکاری مکمل، عوام کو بہترین سفری سہولیات میسر آئیں گی، وزیراعظم

image

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کی نجکاری کے عمل کے شفاف مکمل ہونے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نجکاری کے بعد پی آئی اے کی عظمت رفتہ رفتہ بحال ہوگی اور عوام کو بہترین سفری سہولیات فراہم ہوں گی، جبکہ پاکستان کا نام بھی بلند ہوگا۔

جمعرات کو اسلام آباد میں حکومت اور عارف حبیب کنسورشیم کے درمیان نجکاری کی ٹرانزیکشن دستاویزات پر دستخط و تبادلے کی تقریب منعقد ہوئی۔ اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیراعظم کے مشیر محمد علی اور دیگر اعلیٰ حکام موجود تھے۔

وزیراعظم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کی تقریب تاریخی اہمیت کی حامل ہے اور قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری کا عمل شفاف انداز میں بخوبی انجام پایا اور یہ توقع رکھتے ہیں کہ نجکاری کے بعد ادارہ مسافروں کے آرام، تحفظ اور وقار کو یقینی بنائے گا۔

چیئرمین عارف حبیب کنسورشیم نے کہا کہ 180 ارب روپے کی سرمایہ کاری میں سے 125 ارب روپے پی آئی اے کی بہتری پر خرچ ہوں گے، جس سے خدمات، عملے کی بہبود اور ٹیکس آمدن میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ کنسورشیم حکومت اور عوام کی توقعات پر پورا اترے گا اور پی آئی اے کی عظمت رفتہ کو بحال کرے گا۔

وزیراعظم کے مشیر نجکاری محمد علی نے بتایا کہ نجکاری کے بعد 55 ارب روپے حکومتی خزانے میں جمع ہوں گے اور اس عمل سے ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ اور اقتصادی استحکام میں مدد ملے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US