نئے چیئرمین ایس ای سی پی کی وزیر خزانہ سے ملاقات، کیپٹل مارکیٹس اصلاحات پر اتفاق

image

وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب سے سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کی نئی قیادت نے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت چیئرمین کبیر احمد سدھو اور کمشنر علی فرید خواجہ نے کی۔

ملاقات میں وزارتِ خزانہ کے اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔ وزیر خزانہ نے ایس ای سی پی کی نئی قیادت کو خوش آمدید کہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان کا ملکی و بین الاقوامی تجربہ پاکستان کے ریگولیٹری نظام اور کیپٹل مارکیٹس کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔

اجلاس میں کیپٹل مارکیٹس کو مضبوط بنانے، سرمایہ کاری کے ذرائع متنوع کرنے اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خزانہ نے بینکوں پر انحصار کم کر کے انشورنس کمپنیوں، پنشن فنڈز اور ریٹیل سرمایہ کاروں کی شمولیت بڑھانے پر زور دیا۔

ملاقات میں قرض جاتی کیپٹل مارکیٹ کی ترقی، اخراجات میں کمی، ڈیجیٹل اکاؤنٹ اوپننگ، آسان کے وائی سی (KYC) نظام اور سرمایہ کاروں کی مارکیٹ تک رسائی بہتر بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ اس کے علاوہ آئی پی او سرگرمیوں، متبادل سرمایہ کاری فنڈز، نجکاری کے عمل میں کیپٹل مارکیٹس کے کردار اور ڈیجیٹل اثاثوں پر بھی گفتگو ہوئی۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت ایس ای سی پی کے ساتھ مل کر وقت مقررہ میں اصلاحات پر عمل درآمد کے لیے پرعزم ہے۔ ایس ای سی پی قیادت نے بھی سرمایہ منڈیوں کی بہتری اور مؤثر ریگولیٹری نظام کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US