صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) عاطف اکرام شیخ نے وزیراعظم کی جانب سے تاجروں اور صنعتکاروں کے لیے اعلان کردہ پیکیج کو تاریخی قرار دیتے ہوئے اس کا بھرپور خیرمقدم کیا ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ وزیراعظم معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے سنجیدہ اور عملی اقدامات کر رہے ہیں، جن کے مثبت اثرات کاروباری سرگرمیوں میں اضافے کی صورت میں سامنے آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس پیکیج سے صنعت و تجارت کو ریلیف ملے گا اور حکومت و نجی شعبے کے درمیان اشتراک ناگزیر ہے۔
صدر ایف پی سی سی آئی نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں کمی سے صنعتی شعبے کو براہِ راست فائدہ پہنچے گا، جس سے پیداواری لاگت میں کمی آئے گی اور برآمدات میں اضافہ ممکن ہو سکے گا۔ انہوں نے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کو معیشت کے استحکام کے لیے کیے گئے اقدامات پر خراجِ تحسین بھی پیش کیا۔
اس موقع پر ایف پی سی سی آئی نے بجلی کے ٹیرف میں مزید کمی اور شرح سود 7 فیصد مقرر کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس سے کاروباری طبقے کو مزید سہولت ملے گی اور ملک میں معاشی سرگرمیاں تیز ہوں گی۔