گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے کہا ہے کہ نئے کرنسی نوٹوں کا ڈیزائن اسٹیٹ بینک کے بورڈ کی منظوری کے بعد وزارتِ خزانہ کو بھجوا دیا گیا ہے، حکومت کی منظوری کے بعد نئے کرنسی نوٹ جاری کیے جائیں گے۔
گورنر اسٹیٹ بینک نے یہ بات سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے کہی۔ انہوں نے واضح کیا کہ 5 ہزار روپے کے کرنسی نوٹ کو ختم کرنے کی کوئی تجویز اس وقت زیرِ غور نہیں ہے۔
اجلاس کے دوران سینیٹر عبدالقادر نے سپر ٹیکس پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لوگ تین سے چار سال کا سپر ٹیکس ایک ساتھ کیسے ادا کریں گے، اس طرح تو کاروباری طبقے کو ملک چھوڑنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کی جانب سے ہراسانی درست نہیں اور فوری ادائیگی کے بجائے سپر ٹیکس کی وصولی دو سے تین سال میں کی جانی چاہیے۔
سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ آئینی عدالت واضح کر چکی ہے کہ سپر ٹیکس پارلیمان کا اختیار ہے، تاہم اس سے عوام اور کاروباری طبقے پر دباؤ اور مالی بوجھ بڑھا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک ہی طبقے پر بار بار ٹیکس لگا کر ریونیو بڑھانا کوئی پائیدار ریونیو ماڈل نہیں۔
اس موقع پر چیئرمین ایف بی آر نے بتایا کہ ضرورت پڑنے پر بعض کیسز میں سپر ٹیکس اقساط میں وصول کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپر ٹیکس کی مجموعی وصولی 217 ارب روپے بنتی ہے، جب کہ ٹیکس دہندگان کو ٹیلی فون پر پیغامات بھیجنے سے ان کی تعداد میں 10 لاکھ کا اضافہ ہوا ہے۔
وزیر خزانہ نے اس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ انہیں بھی ایف بی آر کی جانب سے پیغام موصول ہوا ہے۔